پٹنہ

اتحاد کے تئیں اٹل جی کامزاج مثبت رہا: نتیش

پٹنہ : بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج کہا کہ سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کا اتحاد کے تئیں مزاج ہمیشہ مثبت رہا، جو ناقابل فراموش ہے۔مسٹر کمار نے یہاں سری کرشن میموریل ہال میں مسٹر واجپئی کی 94 ویں جینتی کے موقع پر منعقدریاستی تقریب میں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ ’’اٹل جی کا اتحاد کے تئیں مزاج مثبت رہتا تھا، جو ناقابل فراموش ہے۔ اپوزیشن کے تئیں بھی ان کا رویہ قابل دید تھا۔ گذشتہ کچھ سالوں میں کسی سیاسی لیڈر کو اتنی عزت نہیں ملی۔ سماج کے ہر طبقے میں ان کے تئیں عقیدت ہے۔‘‘وزیراعلیٰ نے کہاکہ مسٹر واجپئی کا ملک کی سیاست میں جو کردار ہے اور جس طرح سے انہوں نے خیر سگالی کا ماحول بنائے رکھا اس کے لئے انہیں ہمیشہ یاد کیاجائے گا۔وزیراعظم بننے کے بعد ملک کو جس طرح سے انہوں نے چلانے کی کوشش کی اور متحد رکھا اس کے لئے بھی انہیں ہمیشہ یاد کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ’’اٹل جی کے تئیں میرا ذاتی اعتقاد ہے۔ ان کی قیادت میں مرکز میں ریل وزارت، وزارت زراعت اور ٹرانسپورٹ وزارت میں وزیر کے طور پر مجھے کام کرنے کا موقع ملا۔ ان کا آشیر واد ہمیشہ مجھے ملتا رہا جسے میں بھلا نہیں سکتا۔‘‘مسٹر کمار نے کہاکہ مسٹر واجپئی کامجسمہ پٹنہ میں نصب کیاجائے گا۔ اسکے لئے مناسب مقام کا انتخاب جلد ازجلد کر لیاجائے گا۔ اس موقع پر گورنر لالجی ٹنڈن، وزیراعلیٰ نتیش کمار، نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی، اسمبلی اسپیکر وجے کمار چودھری، سڑک تعمیرات کے وزیر نند کشور یادو، وزیر صحت منگل پانڈے، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر ونود نارائن جھا، ممبر اسمبلی ارون کمار سنہا، سنجیو چورسیا اور نیتن نوین، رکن قانون ساز کونسل سنجے کمار سنگھ عرف گاندھی جی، اسٹیٹ سٹیزن کونسل کے سابق جنرل سکریٹری اروندکمار سنگھ عرف چھوٹو سمیت دیگر باوقار شخصیتیں، سماجی اور سیاسی کارکنان نے آنجہانی واجپئی کے تصویر پر انہیں گلپوشی کر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران موجود سبھی باوقار شخصیات نے مسٹر واجپئی کی زندگی سے ترغیب لیکر قومی اتحاد کو مضبوط بنانے کا عزم لیا۔ اس موقع پر وزارت اطلاعات ورابطہ 191 عامہ محکمہ کے ذریعہ آرتی پوجا اور حب الوطنی کے نغمے پیش کئے گئے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close