کھیل

افغانستان نے آئرلینڈ کو ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں 29 رنز سے شکست دی

بلفاسٹ:افغانستان نے آئرلینڈ کو ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں 29 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
بلفاسٹ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ افغانستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 227 رنز بنائے جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 198 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔افغان ٹیم کی جانب سے سست بلے بازی کا مظاہرہ کیا گیا تاہم گلبدین نائب اور حشمت اللہ شاہدی کی ذمہ دارنہ کارکردگی کے باعث معقول اسکور ترتیب دیا۔
افغانستان کی جانب سے ابتدائی دو وکٹیں 25 رنز پر گر گئی تھیں جس کے بعد گلبدین نے رحمت شاہ کے ساتھ مل کر اسکور کو 78 رنز تک پہنچا دیا تاہم رحمت شاہ 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ گلبدین نے چوتھی وکٹ میں حشمت اللہ شاہدی سے شراکت کی اور اسکور کو 155 رنز تک پہنچایا اور 64 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیلنے کے بعد رینکن کی وکٹ بن گئے۔
اصغر افغان آؤٹ ہونے والے اگلے بلے باز تھے جو 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے فوری بعد198 رنز پر حشمت اللہ شاہدی بھی 54 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
ایک آسان ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کا آغازبھی مایوس کن تھا اور دونوں تجربہ کار اوپنرز 35 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے جس کے بعد بالبرینی نے 55 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دیا لیکن وہ ناکافی ثابت ہوا۔آئرلینڈ کے تجربہ کار نیل اوبرائن اور کے اوبرائن بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے اور بالترتیب 11 اور 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
گیری ولسن 38 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز تھے جنھیں راشد خان نے آؤٹ کیا۔آئرلینڈ کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 198 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور یوں سیریز کے پہلے میچ میں 29 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔افغانستان کی جانب سے آفتاب عالم، محمد نبی اور راشد خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close