بین الاقوامی

امن کیلئے کام کرتے رہیں گے، ٹرمپ کی تنقید پر مونٹینیگرو کا ردعمل

واشنگٹن/ مونٹینیگرو:مشرقی یورپی ملک مونٹینیگرو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ وہ امن کے لیے اپنا حصہ ملاتا رہے گا۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ مونٹینیگرو کے لوگ ’غصیلے‘ ہیں اور تیسری عالمی جنگ کا باعث بنے کے اہل ہیں۔ امر یکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ مشرقی یورپ کی اسی چھوٹی سی ریاست کے لوگ نہا یت چست اور غصیلے ہیں اور اہلیت رکھتے ہیں کہ تیسری عا لمی جنگ شروع کروا دیں۔منگل کے روز ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ انٹرو یو امریکہ میں نشر ہوا، تو اس پر شدید تنقید دیکھی گئی۔ مبصرین کے مطابق صدر ٹرمپ نے نیٹو کے ایک اتحادی ملک کے حوالے سے ’نادرست‘ الفاظ کا استعمال کیا۔ مونٹینیگرو گزشتہ برس مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا رکن بنا تھا۔جمعرات کو مونٹینیگرو کی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں ملک کی ’پرامن سیاسی تاریخ‘ کا ذکر کیا گیا ہے۔ حکومتی بیان کے مطابق، ’مونٹینیگرو نہ صرف یورپ بلکہ دنیا بھر میں امن اور استحکام کے لیے اپنا حصہ ملاتا رہے گا اور اس کے فوجی امریکی فوجیوں کے ساتھ افغانستان میں بھی تعینات ہیں۔‘بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مونٹینیگرو خطے میں ایک استحکامی قوت ہے، جسے یوگوسلاویہ کی ٹوٹ پھوٹ کے دوران ہونے والی جنگوں سے شدید نقصان پہنچا۔ یہ بات اہم ہے کہ مونٹینیگرو کے فوجیوں نے یوگوسلاویہ کی فوج کے حصہ ہونے کے ناطے نوے کی دہائی میں ہونے والی لڑائی میں حصہ لیا تھا، تاہم دیگر ریاستوں کی بجائے مونٹینیگرو کو مقدونیہ کی طرح بغیر کوئی علیحدہ جنگ کیے آزادی مل گئی تھی۔حکومتی بیان میں مزید کہا تھا ہے کہ امریکا کے ساتھ مونٹینیگرو کا اتحاد مضبوط اور مستقبل بنیادوں پر استوار ہے۔واضح رہے کہ ٹرمپ نے یہ متنازعہ بیا ن منگل کو امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں دیا تھا، جس میں نیٹو کے آرٹیکل پانچ سے متعلق سوال پوچھا گیا تھا۔ مغربی دفاعی اتحاد کے قواعد کے مطابق کسی ایک رکن ریاست پر حملہ پورے نیٹو اتحاد پر حملہ تصور کیا جائے گا اور اس کا مشترکہ جواب دیا جائے گا ۔ ٹر مپ سے انٹرویو لینے والے فاکس نیوز کے میزبان ٹکر کارلسن نے پوچھا، ’’مونٹینیگرو پر حملہ ہوا، تو میرا بیٹا اس کے دفاع کے لیے لڑنے کیوں جائے؟‘‘ ٹرمپ نے اس سوال کے جواب میں کہا، ’’میں آپ کا سوال سمجھ سکتا ہوں، میں بھی خود سے یہی سوال پوچھتا ہوں۔ مونٹینیگرو بہت چھوٹا سا ملک ہے، مگر اس کے لوگ بہت مضبوط ہیں۔ وہ بہت غصیلے ہیں۔ ہو سکتا ہے وہ جارحیت کر لیں اور لیجیے تیسری عالمی جنگ شروع۔‘‘

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close