پٹنہ

آج سے شروع ہورہے سرمائی اجلاس میں حکومت کو گھیرنے کی تیاری

آر جے ڈی متعدد معاملوںکو ایوان میں اٹھانے کےلئے کمر بستہ

پٹنہ : پیر سے شروع ہونے والے قانون سازیہ کے اجلاس میں مرکزی ایجنسیوں کے ذریعہ آر جے ڈی سپریمو لالو یادو اور ان کی فیملی کو ساز کے تحت پریشان کرنے ، سرجن سمیت مختلف گھپلوں ، مجرمانہ واردات میں اضافہ ، عورتوں کا تحفظ ، اجتماعی آبروریزی جیسے معاملوں کو بے نقاب کرنے سمیت عوامی سروکار کے سوالوں پر آر جے ڈی کے ذریعہ حکومت کو بے نقاب کیا جائے گا۔
آر جے ڈی کے ریاستی صدر ڈاکٹر رام چندر پوروے نے بتایا کہ سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کے ذریعہ کئے گئے انکشاف سے یہ واضح ہوچکا ہے کہ سی بی آئی کے جوائنٹ ڈائریکٹر راکیش استھانہ کے ذریعہ بہار کے وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ اور پی ایم او سے مل کر لالو کنبے کے خلاف سازش رچی گئی تھی۔ راکیش استھانہ کے بارے میں یہ بھی انکشاف ہوچکا ہے کہ وہ رشوت لے کر اور سیاسی اثر میں آکر کیس کو بناتے بگاڑتے رہے ہیں۔ جس مویشی پروری معاملے میں لالو جی کو سزا ہوئی ہے، اس مقدمے کے آئی او بھی استھانہ ہی تھے۔ ایسی صورت میں ان کے ذریعہ کی گئی جانچ کاغیر جانبدارانہ ہونا ممکن نہیں ہے۔ اس لئے مویشی پروری گھپلے میں بھی ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ہی لالو یادو کو پھنسایا گیا ہے۔ اسی سازش کی اگلی کڑی کے طور پر ریلوے ہوٹل میں گیارہ سال پرانے معاملے کو دوبارہ کھول کر اسی کے بہانے رائےعامہ سے بنی حکومت کا تختہ پلٹ کر کے چور دروازے سے رائے عامہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ناپاک اتحادکی حکومت بنائی گئی۔
ڈاکٹر پوروے نے مزید کہا کہ سرجن سمیت اب تک 35گھپلے اس این ڈی اے کے عہد میں ہوچکے ہیں۔ ابھی حق اطلاعات ایکٹ کے تحت سی اے جی کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق صرف دربھنگہ اور مظفر پور ٹریزری سے ہی دو ارب 33کروڑ روپے کے گھپلے کا انکشاف ہوا ہے۔ اگر سبھی اضلاع کی جانچ کرائی جائے تو یہ پوری دنیا کا سب سے بڑا گھپلہ ہوگا۔ اس حکومت میںٹریزری لوٹ کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close