فلم

ایشوریا رائے کو بڑھتی عمر کا طعنہ مل گیا

سابق ملکہ حسن اورنامور بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن ان دنوں اپنی نئی فلم’’پھنے خان‘‘کے اسپیشل گانے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور بھرپور طریقے سے گانے کی شوٹنگ میں حصہ لے رہی ہیں، اس گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اسے کوریوگراف کر نے کے لیے خصوصی طور پر امریکا کے نامور کوریوگرافر اورہدایت کار فرینک گیسٹن جونیئر کو بلوایاگیا ہے۔ فرینک اس سے قبل ہالی ووڈ اداکاراؤں بیونسے، جینیفرلوپیز اور ریحانہ کو بھی کوریو گراف کرچکے ہیں۔

حال ہی میں فرینک نے ایک معروف بھارتی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئےفلم’’پھنے خان‘‘اور ایشوریارائے بچن سے متعلق بتاتے ہوئے کہا میں جب فلم کے ہدایت کاراتول مانجرے کر سے ملا تو مجھے احساس ہواکہ یہ فلم ان کے لیے بہت اہم ہےاوراس وقت میں نے فیصلہ کیا کہ میں بھی فلم میں اپنا 100 فیصد دوں گا۔ انہوں نے کہا فلم’’پھنے خان‘‘کے جس گانے کی کوریوگرافی کے لیے مجھے بلایا گیا ہے وہ میرے لیے ایک بہت بڑاچیلنج ثابت ہوا کیونکہ گانے کی موسیقی بالی ووڈ کے مطابق ہے لیکن ہدایت کار چاہتے تھے کہ میں اسے بالی ووڈ کے عام گانوں کی طرح کوریوگراف نہ کروں۔

فرینک نے ایشوریا رائے کے کام سے متعلق بات کرتے ہوئے کہاکہ ایشوریا رائے 19 سال کی نہیں ہیں لہٰذا آپ انہیں ایسے ڈانس اسٹیپس نہیں دے سکتے ہیں جن میں وہ نوجوان نظر آئیں۔ ایشوریا بڑی عمر کی خاتون اور ماں ہیں اور مجھے انہیں اسی طرح پیش کرنا تھا۔ فرینک نے مزید کہا ایشوریا رائے میرے کام سے بہت خوش تھیں انہوں نے نہ صرف مجھے گلے لگایا بلکہ مجھے اپنے گھروالوں سے بھی ملوایا۔

واضح رہے کہ ایشوریا رائے اور انیل کپورطویل عرصے بعد فلم ’’پھنے خان‘‘میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، فلم میں ایشوریا رائے بچن ایک کامیاب گلوکارہ کا کردار اداکرتی نظرآئیں گی۔ ایشوریارائے اورانیل کپور کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میں اداکارراجکمار راؤاور دیویا دتہ شامل ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close