بہارپٹنہ

بنکروں کو ریاستی حکومت سے ہر ممکن مدد :نتیش

پٹنہ: وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج ’ادھیویش بھون‘ میں’ہست کرگھا دیوس‘پر منعقد پروگرام کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے تقریب کو خطاب کر تے ہوئے کہاکہ سب سے پہلے آج ’ہست کرگھا دیوس‘ پر آپ تمام لوگوں کو مبارک باد دیتاہوں ۔ آج خطاب کر نے والوں نے اس موقع پر بنکروں سے متعلق کئی باتیں رکھیں ، ہم لوگ یہ چاہتے ہیں کہ بنکر بھائی ، بہن آگے بڑھیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت بننے کے بعد شروع سے ہی کھادی ،ہینڈ لوم اور پاور لوم کو فروغ دیا گیا ۔ بھاگلپور میں بنکروں سے ان کی دشواریوں پر بات کی گئی تھی ۔ ان کی دشواریوں کو بہت حد تک حل کر دیا گیا ہے ۔ ہینڈ لوم کو فروغ دینے کے لیے کئی طرح کی پالیسیاں بنائی گئیں ۔ اس کے تحت اسپتال میں سترنگی چادر منصوبہ کی شروعات کی گئی ۔ اسپتالوں میں مریضوں کے لیے ساتوں دن الگ الگ رنگ کی چادر بدلنے کا انتظام کیا گیا ۔ ہم لوگوں نے ہست کر گھا (ہینڈ لوم)کے شعبہ کو اس میں شامل کیاہے اور ان کے ہی استعمال کی اجازت دی ۔ ایسا انتظام کیا جائے کہ سرکاری دفاتر میںہینڈلوم کی ہی تیار کیے گئے پردے ، ٹیبل پر لگنے والی چادریں وغیرہ کا استعمال ہو ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں پہلے سے ہینڈ لوم ، کھادی سے منسلک لوگوں کی دشواریوں سے آگاہ ہو تا رہا ہوں ۔ چرخہ چلاکر ایک دن میں 40 سے پچاس روپے کی آمدنی ہو تی تھی ۔ہم نے سات سال پہلے بنکروں کے درمیان ترپراری چرخاکی تقسیم کی ۔ جس سے ان کی آمدنی یومیہ 150 روپے تک ہو نے لگی ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے سفر کے دوران میں سنگوری گیاتھا ، جہاں مجھے بنکروں نے یہ بتا یا کہ لوم کی چوڑائی بہت کم ہے ، جس سے بنائی کے کام میں کافی دشواری ہو تی ہے ۔ ہم نے اسی وقت اس پر نوٹس لیتے ہوئے صنعت محکمہ کو یہ ہدایت دی کہ ان کے مطالبات کے مطابق 68 انچ کے فریم کا لوم مہیا کرایاجائے ۔ مجھے خوشی ہے کہ آج سے تقسیم کی شروعات ہوئی ہے ۔ اب فریم لوم خریدنے کے لیے بنکروں کے کھاتے میں راست طور پر پیسے جائیں گے ، ساتھ ہی پرانے ہینڈ لوم کو بھی ٹھیک کر کے 68 انچ میں بد لاجائے گا ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صنعت محکمہ نے یہ بہتر کام کیاہے کہ جو چیز بنائی جارہی ہے اس پر نمبر درج ہو تا ہے ،اس سے بنا نے والے کی شناخت ہو سکے گی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارا ماننا ہیکہ غریب لوگ ایمانداری سے کام کر تے ہیں، جنہیں اقتدار اور طاقت ملتی ہے وہی گڑبڑی کر تے ہیں ۔ ابھی اسٹیج سے انصاری برادری کی لڑکی نے اپنی بات رکھی ۔ میں کہنا چاہتا ہوں کہ آپ تمام لوگوں کو اپنی بات رکھنی چاہئے ۔ اس بنائی کے کام میں تقریبا سات برادری کے لوگ شامل ہیں ۔ انصاری ، درزی ،تانتی اور دیگر برادری کے لوگ اس کام میں لگے ہوئے ہیں اور تمام لوگوں کی اپنی اپنی اہمیت ہے ۔ اس کام میں ہندو مسلمان تمام لوگ لگے ہوئے ہیں ، جس کا فائدہ سب کو ملے گا ۔ ابھی ان لوگوں کو ایس سی ، ایس ٹی میں شامل کر نے کا مطالبہ کیاگیا۔ میں ذاتی طور پر اس سے متفق ہوں ، لیکن مسئلہ ریاستی حکومت کے ہاتھ میں نہیں ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ریاست کی بڑی آبادی زراعت اور بنائی کے کام میں لگی ہوئی ہے۔ حکومت نے کسانوں کے مفاد کے لیے ایگریکلچر روڈ میپ بنا یا۔ انہوں نے کہاکہ بنکروں کو دشواری نہ ہو سرکاراس کے لیے ہر مدد کرے گی ۔ تمام بنکروں کو کام کے طریقے کی پونجی مہیاکرانے کے مقصد سے فوری طور پر سرکار دس ہزار روپے ان کے بینک کھاتے میں بھیج دے گی۔اس کے لیے6727 ہینڈلوم کونشانزد کیا گیاہے ۔ تمام کی فہرست بنا نا اب آسان ہو گیاہے کیونکہ ٹریڈنگ نمبر سے ہینڈلوم کانمبر مل سکے گا ۔ کمبل بنکروںکو بھی یہ رقم منتقل کی جائے گی۔ ’وزیراعظم جیون جیوتی بیما‘ کا بنکروں کو فائدپہنچانے کے لیے بنکروں کو شیئر ہر سال دینا ہے ، ریاستی حکومت ان کے بدلے وہ پیسے اب خود ادا کریگی ۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ سنگوری میں کنوھیننس سینٹر تو پہلے سے ہی قائم ہیں ، ان کو دوبارہ زند ہ کر کے اس میں ٹریننگ کا انتظام کیا جائے گا ۔اس کے لیے سواکروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں ۔ ان کپڑوں کی رنگائی اور فنیشنگ کا بہتر انتظام ہو سکے گا اور بنکروں کو اس طرح کی سہولت کافائدہ مل سکے گا ۔ اس کے علاوہ نا لندہ میں بنکرٹرننگ و ٹریڈنگ سنٹر قائم کیا جائے گا ، جہاں 45 ہینڈ لوم ، ٹیکسٹائل ٹیسٹنگ لیب اور ڈیزائن سنٹر بھی قائم کیا جائیگا ۔ بھاگلپور میں ہست کر گھا اور ریشم سنیٹر کی تعمیر کی جائیگی ۔ جس کی ممکنہ لاگت 13 کروڑ 64 لاکھ روپے ہے ۔ یہاں ہینڈلوم ٹریننگ ، ڈیزائن اور ریسرچ سینٹر کاقیام کیاجائے گا ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنکروں کے کام کی سطح اتنا بڑھے کہ ان میں مقابلہ کا جذبہ پیداہو۔ ہم لوگوں کو کھادی کی مصنوعات اور ہینڈ لوم مصنوعات تو پسند آتی ہیں ، یہ لوگوں کو بھی پسند آئے ، انہوں نے کہا کہ یہ پرکشش بنے تاکہ نئی نسل کو بھی یہ پسند آئے ۔ انہوں نے کہاکہ بہار میں کھادی مصنوعات ، ہنڈ لوم کی مصنوعات کی فروخت شرح میں سبسڈی دی جائے گی ۔ انٹر پینیول پنچایت کے دوران بنکروں کے متعدد مسائل پر بات ہوئی تھی، ان سے متعلق مسائل کے حل کے لیے منصوبہ بنانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہست کر گھا کمیٹیوں ، یونینوں کے قرض کی معافی کی بات جو اٹھی ہے ، اس کے بارے میں فل ٹائم سیٹلمنٹ پر سرکار غور کرے گی ۔ بنکرس کمیٹی سے بھی اس بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ عبدالقیوم انصاری صاحب کی سرزمین ہے ، آپ تمام لوگ متحد ہو کر پیا ر ، محبت ، بھائی چارہ کے جذبہ کے ساتھ رہیں ۔ سماج میںہم آہنگی قائم رہے ۔چند کارخانے لگنے سے ترقی نہیں ہو تی ہے۔ گھر گھر کی ترقی ہو ، گھر گھر کی آمدنی بڑھے ، یہی ہماری ترقی کا مطلب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام طبقہ کی ترقی چاہتے ہیں ۔ ہم انصاف کے ساتھ ترقی کے راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں ۔ بنکر یونین سے چنائو کے لیے جوامداد کی رقم بنکر یونینوں کو جمع کر نی پڑتی تھی ، وہ رقم اب چنائو ایجنسی میں ریاستی حکومت جمع کرے گی۔ہماری خواہش ہے کہ جمہوری طریقہ سے آپ لوگ وقت پر انتخاب کرائیں تاکہ بنکروں کے مسائل ، ان کی آوازکو بہتر ڈھنگ سے سرکار کے سامنے رکھا جاسکے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ لوگوں کے ساتھ رابطہ ،بات چیت بات ہوتی رہنی چاہئے تاکہ آپ کے مسائل سے ہم آگاہ ہوسکیں ۔ ہم آپ کاادارہ جاتی ڈیولپمنٹ چاہتے ہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ صرف ایک بنکر کی نہیں بلکہ تمام بنکروں کی ترقی ہو ۔ابھی نمائش میں مریضوں کے کپڑوں کو دیکھا یا گیا ہے ، صحت کے وزیر نے اس سے متاثر ہو کر ہینڈ لوم سے بننے والے کپڑوں کو سرکاری اسپتالوں میں فراہم کرانے کی بات کہی ہے ۔ آج علامتی طور پر پانچ بنکروں کو 68 انچ کے فریم لوم کی تقسیم کی گئی ہے۔ اور 500 مستفیضوں کی فہرست جاری کی گئی ہے ۔ تمام کے پیسے کھاتے میں چلے جائیں گے ۔ صنعت محکمہ بھی زیادہ سے زیادہ بنکروں کا رجسٹریشن کرائے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ پوری بلندی سے اور مضبوطی سے کام کیجئے ، آپ کے ذریعہ بنائے گئی مصنوعات کی مانگ بڑھانے کے لیے ہم لوگ تشہیر کریں گے ، ہم لوگوں سے جو بھی ممکن ہو گا مدد فراہم کراتے رہیں گے ۔وزیر اعلیٰ کا خیرمقدم صنعت محکمہ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے سکی آرٹ پر مشتمل گلدستہ پیش کر کے کیا ، بہار ریاستی ہینڈلوم بنکر سہیوگ یونین لمیٹیڈ کے چیئر مین محمد نقیب انصاری نے وزیر اعلیٰ کا خیر مقدم شال پیش کر کے کیا ۔پروگرام کی شروعا ت میں وزیر اعلیٰ نے بنکروں کے ذریعہ بنائے گئے کپڑے سے سجی نمائش کوبھی دیکھا۔وزیر اعلیٰ کے ذریعہ علامتی طور سے پانچ لوگوں کے درمیان 68 انچ فریم لوم کی تقسیم کی گئی ، ساتھ ہی 500 مستفیضوں سے متعلق بک لیٹ کا اجرا کیا گیا ۔ اس موقع پر بہار ریاستی ہینڈلوم بنکر سہیوگ یونین لمیٹیڈ پٹنہ کی ویب سائٹ کو بھی لانچ کیا ۔ ہینڈ لوم اور ریشم بھون بھاگلپور اور بہار شریف میں بنکر ٹریننگ و ٹریڈنگ سینٹر ،سگوڑی میں ’سمانیہ سلبھ سویدھا کیندر ‘کاوزیر نے ریموٹ کے ذریعہ سنگ بنیاد رکھا۔پروگرام کو نائب وزیر اعلیٰ جناب سشل کمار مودی ، صنعت کے وزیر جناب جئے کمار سنگھ، صحت کے وزیر جناب منگل پانڈے ، بہار ریاستی ہینڈلوم بنکر سہیوگ لمیٹیڈ کے چیئر مین محمد نقیب انصاری ، صنعت محکمہ کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر ڈیولپمنٹ کمشنر جناب ششی شیکھر شرما، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری جناب منش کمار ورما، ریاستی ہیلتھ کمیٹی کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر جناب لوکیش سنگھ ،ہینڈ لوم اور ریشم ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جناب نریندر کمار سمیت صنعت محکمہ کے دیگر سینئر افسران اور ہست کر گھا سے منسلک دیگر بنکر موجود تھے ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close