بہارپٹنہ

بہار این ڈی اے کی پریس کانفرنس ٹلی،آج ہوسکتا ہے فیصلہ

پٹنہ :این ڈی اے میں لوک سبھا انتخاب کیلئے سیٹوں کی تقسیم کا فارمولہ طے ہوچکا ہے۔ بہار کے وزیراعلیٰ اور جنتا دل یو کے قومی صدر نتیش کمار بھی دہلی میں ہیں ۔ سیٹ شیئرنگ کے اعلان کیلئے ہفتے کو بہار این ڈی اے کے رہنمائوں کی پریس کانفرنس ہونے والی تھی جو اتوار تک کیلئے ٹل گئی ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے اتوار کو بہار این ڈی اے کے رہنمائوں کی میٹنگ طلب کی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ بہار این ڈی اے کے رہنمائوں کی پریس کانفرنس اس لئے ٹل گئی ، کیونکہ ایل جے پی کے رہنما دہلی میں نہیں تھے۔لیکن باخبرذرائع کا یہ کہنا ہے کہ پریس کانفرنس اس لئے ٹالی گئی ، کیونکہ کون سی سیٹ کس پارٹی کے حصے میں جائے گی اس پر فیصلہ نہیں ہوسکا ہے اور جنتا دل یو اس کی تصویر صاف دیکھنا چاہتی ہے۔ جنتا دل یو کے این ڈی اے میں واپس آنے کے بعد سیٹوں کا معاملہ قدرے الجھ گیا ہے۔ ایل جے پی کی 6 سیٹوں میں 4 حاجی پور، جموئی، سمستی پور اور کھگڑیا تو کلیئر ہیں۔ لیکن مونگیر اور ویشالی سیٹوں کے بدلے پارٹی کو نوادہ اور کوئی ایک سیٹ دی جائے گی۔ کھگڑیا سیٹ پر بھی ابھی تذبذب برقرار ہے۔ بی جے پی یہ سیٹ ایل جے پی کو دینے کیلئے تیار ہے لیکن اس بات کا امکان ہے کہ ایل جے پی کے محمود علی قیصر اس بار این ڈی اے سے الگ ہوجائیں۔ ایسی صورت میں ایل جے پی اپنی پسند کی کوئی دوسری سیٹ چاہے گی۔ ایل جے پی کو بہار میں لوک سبھا کی 6 سیٹیں ملنے والی ہیں۔ جن میں ایک حاجی پور بھی شامل ہے۔ حاجی پور سے اس بار رام ولاس پاسوان کے چھوٹے بھائی اور پارٹی کے ریاستی صدر پشوپتی کمار پارس چنائو لڑیںگے۔ اب تک حاجی پور سے جیتتے آرہے رام ولاس پاسوان اس بار لوک سبھا کا انتخاب نہیں لڑیںگے۔ وہ آسام سے راجیہ سبھا بھیجے جائیںگے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close