سیاست

بیٹے نے لیا قرض، باپ نے چھپائی جانکاری:جے رام رمیش

نئی دہلی :کانگریس نے پریس کانفرنس کر آج امت شاہ پر ایک نئے معاملے میں غلط بیانی اور اپنے بیٹے کی کمپنی کو ’زمین سے آسمان‘ تک لے جانے میں مدد پہنچانے کا الزام عائد کیا۔ کچھ مہینے پہلے بی جے پی صدر امت شاہ کے بیٹے جے امت شاہ کی کمپنی ’ٹیمپل انٹرپرائزیز‘ سے متعلق کانگریس نے انکشاف کیا تھا اور بتایا تھا کہ 2012 سے دو سال کے خسارے کے بعد تیسرے سال میں اس کمپنی نے 50 ہزار روپے کا کاروبار کیا تھا جو چوتھے سال میں بڑھ کر حیرت انگیز طور پر 81 کروڑ کا ہو گیا اور پانچویں سال میں ’ٹیمپل انٹرپرائزیز‘ بند ہو گیا۔ اَب کانگریس نے جے شاہ کی دوسری کمپنی ’کسم فنگسرو‘ سے متعلق کئی انکشافات کیے ہیں جو امت شاہ ہی نہیں، وزیر اعظم نریندر مودی، پیوش گویل تک کو کٹہرے میں کھڑا کر رہی ہے۔آج پریس کانفرنس میں کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ ’’کچھ مہینے قبل ایک سیریل ریلیز ہوا تھا جس کا نام ’ٹیمپل انٹراپرائزیز‘ تھا اور اس کے فلمساز نریندر مودی جی، ہدایت کار امت شاہ جی اور ویلن امت شاہ کے بیٹے جے امت شاہ تھے، اور اب اسی سیریل کا دوسرا پارٹ ریلیز ہوا ہے جس کا نام ہے ’کسم فنسروس‘ جو فنانشیل سروسز کا مخفف ہے اور اس کے مالک جے امت شاہ و ان کی بیگم ہیں۔‘‘ اس کمپنی کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’’اس کمپنی کی کل مالیت 6 کروڑ روپے ہے اور حیرانی کی بات ہے کہ کسم فنسروس نے الگ الگ بینکوں سے 95 کروڑ روپے قرض حاصل کیا ہے۔ کمپنی نے قرض لیتے وقت احمد آباد واقع زمین کے دو پلاٹ اور ایک کمرشیل بلڈنگ گروی رکھی۔ یہاں قابل غور بات یہ ہے کہ گروی رکھی گئی زمین کے مالک جے شاہ نہیں، بی جے پی صدر امت شاہ ہیں۔‘‘
اس انکشاف کے بعد کانگریس نے امت شاہ پر راجیہ سبھا انتخاب کے وقت جھوٹا حلف نامہ پیش کیے جانے کا الزام عائد کیا۔ جے رام رمیش نے 24 جولائی 2017 کو امت شاہ کے ذریعہ الیکشن ایفی ڈیوٹ کی کاپی دکھاتے ہوئے کہا کہ ’’اس ایفی ڈیوٹ میں ایک سوال ہے جہاں پوچھا گیا ہے کہ بینکوں سے آپ نے کوئی پیسہ لیا ہے؟ کیا آپ کا بینکوں کے پاس کچھ باقی ہے، کیا کچھ دینداری ہے۔ اور اگر ہے تواس کی تفصیل دیجیے۔ چونکہ امت شاہ کی زمین پر ان کے بیٹے نے 95 کروڑ روپے کا قرض بینکوں سے لیا ہے تو یہ دینداری امت شاہ کی بنتی ہے جس کا تذکرہ انھیں ایفی ڈیوٹ میں کرنا چاہیے تھا، لیکن انھوں نے جھوٹا حلف نامہ پیش کرتے ہوئے کسی بھی دینداری سے صاف انکار کر دیا۔‘‘ انھوں نے اس سلسلے میں امت شاہ سے سوال کیا کہ آخر انھوں نے انتخابی حلف نامہ میں یہ جانکاری کیوں نہیں دی؟۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close