بین الاقوامی

ترقی یافتہ اور خوشحال جموں وکشمیر کا خواب صرف امن اور نارملسی سے شرمندہ تعبیر ہوگا: راجناتھ سنگھ

سری نگر : مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ اور خوشحال جموں وکشمیر کا خواب صرف امن اور نارملسی سے شرمندہ تعبیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا پختہ عزم ہے کہ ریاست میں ایک دیانتدار اور موثر انتظامیہ کے ذریعہ امن، استحکام اور خوشحالی لائی جائے۔

وادی کشمیر کے دو روزہ دورے پر آنے والے راجناتھ سنگھ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں اپنے دورے کے دوسرے دن ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ریاست کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اپنے سات سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا۔

انہوں نے کہا ’جموں وکشمیر میں گورنر اور ریاستی انتظامیہ کے ساتھ ایک میٹنگ میں ریاست کی صورتحال کا جائزہ لیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا‘۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ اور خوشحال جموں وکشمیر کا خواب صرف امن اور نارملسی سے شرمندہ تعبیر ہوگا۔

اُن کا ٹویٹ میں کہنا تھا ’ایک ترقی یافتہ اور خوشحال جموں وکشمیر کا خواب اُس وقت پورا ہوگا جب ریاست میں امن اور نارملسی کی بحالی ہوگی‘۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک دیانتدار اور موثر انتظامیہ کے ذریعہ ریاست میں امن، استحکام اور خوشحالی لانا مرکزی حکومت کا پختہ عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عام لوگوں کے لئے ترقی اور اچھی حکمرانی ایک خواب بن کر رہ گئی تھی۔ مسٹر راجناتھ نے کہا کہ مرکزی حکومت نظام میں احتساب ، شفافیت اور اچھی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھانے کا عزم رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اچھی حکمرانی اور ترقی کی بدولت اہلیان ریاست میں نئی خواہشات اور امیدیں پیدا کرنے کا کام کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسائل کا حل لوگوں کو بااختیار بنانے اور مقامی خود حکمرانی کے اداروں کو مستحکم بنانے میں پنہاں ہے۔

وزیر داخلہ مسٹر راجناتھ نے جمعرات کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ریاست میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں اور مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ تاہم وزیر داخلہ وادی میں ناسازگار موسم کی وجہ سے جنوبی کشمیر میں سطح سمندر سے 13 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گھپا میں حاضری نہیں دے پائے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا ’مسٹر راجناتھ سنگھ کی صدارت میں جمعرات کی صبح یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں موصوف نے ریاست میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں ریاست کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ حاصل کی‘۔ انہوں نے بتایا ’میٹنگ کے دوران ریاستی گورنر نریندر ناتھ ووہرا نے وزیر داخلہ کو ریاست میں مختلف پروجیکٹوں پر جاری کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر نے وزیر داخلہ کو موجودہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بھی تفصیلی طور آگاہ کیا‘۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close