بہارپٹنہ

تعلیم و تربیت کے میدان میں الحرا اپنی ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے/احمد علی اختر

پھلواری شریف میں الحرا پبلک اسکول ، شریف کالونی، پٹنہ کی نئی شاخ کے قیام کے موقع پر دانشورا ن کا خطاب

پٹنہ :علم تہذیب و تمدن کی ترقی کا دروازہ ہے۔ علم کے ذریعہ ہی انسان ہر طرح کی ترقیاں حاصل کرتا ہے۔ علم کے ذریعہ ہی انسان آسمان کی وسعتوںمیں پرواز کررہا ہے۔ علم کے ذریعہ ہی بڑی بڑی بلندیوں پر کمندیں ڈال رہا ہے۔ جتنے علوم ممکن ہو انسان حاصل کررہا ہے اور ترقیاں حاصل کررہا ہے، مگر سارے کمالات کے دکھانے کے باوجود آج انسان اپنے ہی وجود سے بے خبر ہے۔ انسان کو اپنے ہی وجود کے اخلاقی تقاضے معلوم نہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق امیر حلقہ جماعت اسلامی بہار جناب احمد علی اختر نے پھلواری شریف میں الحرا اسکول کی شاخ کے قیام کی مناسبت سے کیا ۔پٹنہ میں الحراپبلک اسکول تعلیم کے میدان میں اپنی ایک منفردحیثیت رکھتا ہے ،جہاں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات عصری علوم کے ساتھ ساتھ دینی اقدار سے بھی مزین ہوتے ہیں۔افتتاحی تقریب میں شریک المعہدا لعالی فی القضا والافتا کے سکریٹری مولانا عبد الباسط ندوی صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس بلڈنگ میں الحرا کی شاخ کا قیام عمل میں آیا ہے اس بلڈنگ میں قاضی مجاہد الاسلام قاسمی رحمہ اﷲ نے تحقیق و تخریج اور تعلیم و تعلّم کا کام برسوں انجام دیا ہے،جس کا فیض ملک اور بیرون ملک تک پہنچا،مگر ان کے بعد یہ بلڈنگ کسی اورمصرف میں آگئی تھی جسے دیکھ کر کافی دکھ ہوتا تھا ، آج اس میں الحراکی شاخ کا قیام ہوتے ہوئے دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہورہی ہے کہ پھر سے اس بلڈنگ میں علم کی شمع روشن ہوگی اور تعلیم و تعلّم کا کام انجام پائے گا۔ پھلواری شریف والوں کے لیے بڑی سعادت کی بات ہوگی کہ یہاں الحراء کے ذریعہ دونوں طرح کے علم کی اشاعت ہوگی۔ امیر مقامی جماعت اسلامی ہند پٹنہ جناب مولانا رضوان احمد اصلاحی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پھلواری شریف کی اس گھنی مسلم آبادی میں الحراء جیسے اسکول کا قیام انتہائی ضروری تھا۔ پھلواری شریف قدیم علمی وتہذیبی گہوارہ ہے۔ امارت شرعیہ کے ماتحت المعہد العالی الاسلامی اورخانقاہ مجیبیہ جیسے ادارے اسی کی گود میں واقع ہیں۔ اگر ان اداروں کی سرپرستی اور معاونت حاصل رہی تو الحراء پبلک اسکول پھلواری شریف میں بھی تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی انجام دے گا۔ افتتاحی گفتگو پیش کرتے ہوئے اسکول کے ڈائرکٹر جناب محمد انور نے کہا کہ شہر میںتو بہت سارے اسکول ہیں لیکن ایسا اسکول ہیںجہاںعصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم و تربیت بھی ہو، بہت کم ہیں۔ جو ملت کے بچے اور بچیوں کے دونوں جہاںمیں کامیابی کے لیے بے حد ضروری ہے الحرا اسکول میں دیگر مضامین کے علاوہ قرآن مجید کے حفظ پر خاص دھیان دیا جائے گا۔
الحراء پبلک اسکول، پھلواری شریف، پٹنہ کے افتتاحی پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن سے ہوا۔ اس کے بعد الحراء کی طالبات نے حمد پیش کی۔ پروگرام کے اخیر میں اسکول کی منظوم دعا پیش کی گئی۔اس کے بعدجناب احمد علی اختر نے فیتہ کاٹ کر الحراء پبلک اسکول، بھلواری شریف کی آفس کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر متعدد دانشوران اور گارجین حضرات شریک تھے۔جنہوں نے اپنی نیک خواہشات اور دعائوں سے نوازا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close