کھیل

جوکووچ چوتھے دور میں، پانچویں سیڈ کویتووا باہر

نیویارک:ومبلڈن چمپئن نوواک جوکووچ نے سال کے آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن میں بھی اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے آسان جیت کے ساتھ چوتھے دور میں داخلہ حاصل کرلیا جبکہ خواتین میں ٹاپ سیڈ کھلاڑیوں کے مسلسل الٹ پھیر کے درمیان پانچویں سیڈ پیترا کویتووا ہارکر باہر ہوگئی ہیں۔
سربیا کے جوکووچ نے فرانس کے اسٹار کھلاڑی رچرڈ گاسکے کو لگاتار سیٹوں میں 6۔2، 6۔3، 6۔3 سے ہراکر مرد سنگلز کے تیسرے دور کا مقابلہ جیت لیا۔ چھٹی سیڈ جوکووچ کو شروعاتی دو میچوں میں مخالف کھلاڑیوں کو ہرانے کے لئے چار سیٹوں تک جدو جہد کرنی پڑی تھی۔ اگرچہ اس برس کے ومبلڈن چمپئن نے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں 26 ویں سیڈ کھلاڑی کے خلاف یکطرفہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دو گھنٹے 11 منٹ میں جیت حاصل کرلی۔
جوکووچ نے میچ کے بعد کہا کہ اس ہفتے یہ میرا سب سے اچھا میچ تھا۔ ومبلڈن کے بعد سے ہارڈ کورٹ پر یہ میری پہلی بہترین کارکردگی رہی۔ سربیائی کھلاڑی نے پہلے سرو پر 75 فیصد پوائنٹ حاصل کئے اور میچ میں 32 ونرس لگائے نیز میچ میں سبھی پانچ بریک پوائنٹ بچائے جبکہ 32 سالہ گاسکے کو 47 بیجا غلطیاں مہنگی ثابت ہوئیں۔

سربیائی کھلاڑی کا گاسکے کے خلاف یہ کریئر کا 14 واں میچ تھا جس میں ان کی یہ 13 ویں جیت ہے۔ جوکووچ نے گاسکے کے خلاف آخری 11 میچوں میں سبھی میچوں میں جیت حاصل کی ہے۔ 13 بار کے گرینڈ سلیم چمپئن کی اب کوارٹر فائنل میں دوسری سیڈ روجر فیڈرر سے مقابلے کی امید ہے جنہوں نے دن کے ایک دیگر میچ میں نک کرگیوس کو لگاتار سیٹوں میں ہرایا۔ جوکووچ چوتھے راؤنڈ میں غیر سیڈ پرتگال کے جواو سوسا سے مقابلہ کریں گے۔
مرد سنگلز کے تیسرے دور میں جرمنی کے الیکزینڈر زیویئر کو ہم وطن فلپ کولشریبر نے چار سیٹوں تک چلے میچ میں 6۔7، 6۔4، 6۔1، 6۔3 سے ہراکر باہر کا راستہ دکھایا۔ جرمنی کھلاڑیوں کے درمیان یہ پانچواں مقابلہ تھا جس میں زیویئر نے آخری دو میچ جیتے ہیں۔ لیکن چوتھی سیڈ کھلاڑی لوئس آرمسٹرانگ اسٹیڈیم میں کولشریبر کے خلاف خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔
اکیس سالہ زیویئر نے یو ایس اوپن سے عین قبل ہی آٹھ بار کے گرینڈ سلیم چمپئن ایوان لینڈل کو اپنے کوچنگ اسٹاف میں شامل کیا تھا اور انہیں نوجوان ٹینس کھلاڑیوں میں فیڈرر، نڈال اور جوکووچ کی ٹکر کے طور پر شمار کیا جارہا ہے۔ حالانکہ 34 سالہ کولشریبر نے پہلا سیٹ ٹائی بریکر میں ہارنے کے بعد باقی تینوں سیٹوں میں لگاتار جیت کے ساتھ چوتھے دور میں جگہ بنائی جہاں ان کا سامنا 21 ویں سیڈ جاپان کے کیئی نشیکور سے ہوگا۔
زیویئر نے میچ میں 53 بیجا غلطیاں اور سات ڈبلز فالٹ کئے، وہ کولشریبر کے بیک ہینڈ کا سامنا نہیں کرسکے اور ہاتھ آئے 13 میں سے تین بریک پوائنٹ کو کار آمد بناسکے۔ انہوں نے فورہیڈ پر غلطی سے میچ گنوایا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close