پٹنہ

حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع

پٹنہ: بہار ریاستی حج کمیٹی کے کارگذار چیف ایکزکیوٹو افسر جناب رشید احمد نے اپنے پریس اعلانیہ کے ذریعہ مطلع کیا ہے کہ حج 1439ھ؁ بمطابق 2018ءکے بہار کے حجاج کرام کا پہلا قافلہ ائیر انڈیا کی پروازAI-5302 سے دن کے 03:20 بجے گیا ائیرپورٹ پہنچا۔ آج کی پرواز سے وطن لوٹنے والے حجاج کرام کی کل تعداد150 تھی۔ آج پہلے قافلہ کے حجاج کرام کے استقبال کے لئے جناب خورشید عرف فیروز احمد ، عزت مآب وزیر ، محکمہ اقلیتی فلاح، حکومت بہار گیا ائیرپورٹ پر موجود تھے۔ موصوف نے حجاج کرام کا استقبال کرتے ہوئے اُنہیں مبارکباد پیش کی۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے معزز رکن ، جناب حاجی محمد الیاس عرف سونو بابو بھی حجاج کرام کے استقبال کے لئے گیا ائیرپورٹ پر موجود تھے۔اس سے قبل محکمہ اقلیتی فلاح کے پرنسپل سکریٹری جناب عامر سبحانی صاحب نے حجاج کرام کی وطن واپسی کے سلسلے میں گیا ائیرپورٹ پر حکومت بہار کی جانب سے کئے گئے انتظامات کو بہتر سے بہتر کرنے کے متعلق حج نوڈل آفیسر جناب اشتیاق اجمل کو ہدایت دی ۔گیا ضلع انتظامیہ کی جانب سے ڈی ایم و ایس ایس پی گیا کے علاوہ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے جناب رشید احمد، کارگذار چیف ایکزکیوٹیو آفیسر ، بہار ریاستی حج کمیٹی، حج نوڈل آفیسر جناب اشتیاق اجمل صاحب، حج کوڈینٹر جناب موتی کریمی وڈپٹی کوڈینٹر جناب شاہد خان کے علاوہ جناب لیاقت علی، محمد احسان صدیقی، محمد اختر حسین، محمد تنویر اور گیا ضلع کے سبھی رضاکار حضرات نے پہلا قافلہ کے سبھی حجاج کرام کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ سبھی حجاج کرام خیر و آفیت سے بر وقت گیا ائیر پورٹ پہنچے ، حجاج کرام کا ایمیگریشن و دیگر ضروری کاغذی کاروائی جلد مکمل کر لیا گیا اور تمام حجاج کرام وہاں سے اپنے اپنے گھروں کے لئے روانہ ہو گئے ۔ واپسی کی فلائٹ کے متعلق اہم معلومات حاصل کرنے کے لئے ریاستی حج کمیٹی کے دفتر کے فون نمبر 0612-2203315 و موبائل نمبر 9934911486پر رجوع کیا جا سکتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close