ہندوستان

حزب المجاہدین کا اعلان: امرناتھ یاتری ہمارے مہمان، اُن پر حملے کا کوئی منصوبہ نہیں

جموں کشمیر کے بدنام دہشت گرد حزب المجاہدین نے امرناتھ یاترا پر آنے والے عقیدتمندوں کو سکیورٹی کا بھروسہ دلایا ہے۔وادی کشمیر میں سرگرم جنگجو تنظیم حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈر ریاض احمد نائیکو نے امرناتھ یاتریوں کو وادی کشمیر کے مہمان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حزب المجاہدین یاتریوں پر حملے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاتری اپنے مذہبی رسومات کو انجام دینے کے لئے کشمیر آتے ہیں اوروہ بغیر کسی ڈر و خوف کشمیر آئیں اور اپنے مذہبی رسومات انجام دیں۔ انہوں نے مہاجر کشمیری پنڈتوں کو وطن (وادی) واپس لوٹنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک پنڈت خاندان کو اپنی زمین پر بسائے گا۔

ریاض نائیکو نے ان باتوں کا اظہار اپنے ایک آڈیو بیان میں کیا۔ انہیں آڈیو بیان میں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ’حال ہی میں ڈی جی پی ایس پی وید نے بیان دیا کہ ہم نے امرناتھ یاترا کے لئے سیکورٹی سخت کردی ہے کیونکہ مجاہدین (جنگجوؤں ) کا امرناتھ یاترا پر حملہ کرنے کا منصوبہ ہے۔ یہ سراسر غلط اور بے بنیاد ہے۔ امرناتھ یاترا پر حملہ کرنے کا ہمارا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

وہ اپنے مذہبی رسومات کو انجام دینے کے لئے یہاں آتے ہیں۔نہ ہم نے کبھی امرناتھ یاتریوں پر حملہ کیا ہے اور نہ ہماری جنگ امرناتھ یاترا سے ہے۔ ہماری جنگ ان سے جو ہماری قوم پر ظلم ڈھا رہے ہیں۔ اور جنہوں نے ہمیں بندوق اٹھانے پر مجبور کیا ہے۔ ہم اپنے حق اور آزادی کے لڑرہے ہیں۔ ہمیں نہ ہندوستانی عوام سے کوئی جنگ ہے اور نہ کوئی عداوت‘ ۔

انہوں نے کہا ’ہم امرناتھ یاتریوں سے کہتے ہیں کہ آپ کو ہماری طرف سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ آپ بلا کسی ڈرو خوف اور سیکورٹی کے بغیر یہاں آجائیں۔ آپ کو سیکورٹی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ آپ ہمارے مہمان ہو، مگر مسئلہ کشمیر میں کوئی مداخلت کرنے کی کوئی کوشش نہیں کرنا‘۔ ایسا ہی ایک بیان سن 2016 میں امرناتھ یاترا شروع ہونے سے قبل حزب المجاہدین کے اُس وقت کے آپریشنل کمانڈر برہان مظفر وانی کی طرف سے سامنے آیا تھا۔ انہوں نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ کشمیر آنے والے امرناتھ یاتریوں کو کسی بھی صورت میں نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close