بہارپٹنہ

خدمت کر نا ہمارا فریضہ ہے :نتیش کمار

پٹنہ:وزیر اعلیٰ نتیش کمارنے آج راجگیر میں گرونانک شیتل کنڈ گرودوارہ کےسنگ بنیادتقریب میں کہاکہ گرونانک نے ہمیں فرض کا احساس کرایا ہے اور ایسے میں خدمت کرنا ہمارافریضہ ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج گرو دوارہ شری گرونانک شیتل کنڈ راجگیر کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ، اس سے مجھے بے حد خوشی ہے ۔ راجگیر میں مختلف اوقات میں تمام مذاہب کی اہم شخصیتوں کی تشریف آوری ہوئی ہے۔یہ حیرت انگیز مقام ہے اس کی تاریخی اہمیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مگدھ حکومت کی پہلی راجدھانی راجگیر ہی تھی جو پنج پروت سے گھری ہوئی ہے ۔ شروع سے ہی اس جگہ کی کافی اہمیت رہی ہے ۔اور یہ سرزمین گرونانک ، بودھ ، مہاویر اور صوفی سنتوں کی سرزمین رہی ہے ۔ یہاں ہر تین سال پر ملماس کا مشہور میلہ لگتا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب ہم نے بہار کا اقتدار سنبھالا اس وقت راجگیر میں 7دنوں تک یہاں کی ایک ایک چیزوں کو میں نے دیکھا ۔شیتل کنڈ اور پانڈو پوکھر کافی بدحالی میں تھے جسے درست کیا گیا ۔ اسی وقت ہم نے یہ بھی طے کیا کہ شیتل کنڈ کے پاس گرودوارہ بہتر طریقہ سے تعمیر ہو نا چاہئے ۔ اس کے بعد جب گروگووند سنگھ جی مہاراج کا 350واں پرکاش پرومنا یا گیا اس میں بھی ہم نے با با موہندر سنگھ جی سے اس بارے میں بات کی تاکہ یہاں نئے طریقہ سے گرودوارہ کی تعمیر کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑ کے نیچے یہ مقام ہے اس لیے اجازت لینے کے بعد یہ کام شروع کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی سال 12نومبر کو یہاں گرو نانک دیو جی مہاراج کا 550واں پرکاش اتسو منا یا جائے گا اس لیے ہماری خواہش ہے کہ پرکاش اتسو سے پہلے یہ بنکر تیار ہو جائے ۔ بہار حکومت نے 12نومبر کو سرکاری تعطیل کا اعلان کر دیا ہے اور جتناممکن ہو گا حکومت اس میں مدد کرے گی ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گروگووند جی مہاراج کے 352ویں پرکاش پرو پر جو بھی ممکن ہو سکا ہے پٹنہ صاحب کے بال لیلا اور کنگن گھاٹ پر تیا ری کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرونانک دیوسے لے کر گرو گوبند سنگھ جی مہارا ج تک سے متعلق جو بھی اہم جانکاریاں ہیں ان سب سے لوگ آگاہ ہو سکیں اس کے لیے ریاستی حکومت نے پرکاش پنج کی تعمیر شروع کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گروگووندسنگھ جی مہاراج کی پیدائش پٹنہ صاحب (بہار)میں ہوئی یہ ہم تمام کے لیے کافی فخر کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو ہم خدمت کررہے ہیں یہ ہمارا فریضہ ہے اس کے لیے میری ستائش کر نے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ گرونے ہمیں فرض کا احساس کرایا اور ایسے میں خدمت کر نا ہمارا فریضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بہار غریب ریاست ہو نے کے باوجود یہاں خدمت میں کوئی کمی نہیں ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ پرکاش پر و کے بعد سکھ عقیدتمندوں کی پورے ملک اور بیرون ملک سے بھی بہار آمدمیں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ جذباتی طریقہ سے 350ویں پرکاش پرو کے بعد 351 ویں پرکاش پرو میں شکرانہ تقریب منائی گئی اور اب 352 ویں پرکاش پرو کو دیکھتے ہوئے لوگوں کی آمد میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال ہو رہے انعقاد کے مد نظر سکھ عقیدت مندوں کی بہار آمد کاسلسلہ بڑی تعداد میں ہو نے لگا ہے جس کے لیے بار بار ٹینٹ سٹی بنا نی پڑتی ہے ۔ اس لیے باقاعدہ طور سے اب کمیونٹی سینٹر کی تعمیر ہو جائے گی تو لوگ شادی وغیرہ یا کسی خصوصی تقریب کے موقع پر اس کا استعمال کر سکیں گے اور جب پرکاش پرو کا وقت ہو گا تو اسے 25سے 30دنوں کے لیے گرودوارہ کے حوالے کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پٹنہ صاحب جانے کا واحد راستہ اشوک رج پتھ تھا لیکن 350 ویں پرکاش پرسے قبل ہی بائی پاس کے بغل میں ریاستی حکومت نے اپنی طرف سے ایک آر اوبی کی تعمیر کرائی تاکہ لوگوں کی آمدورفت میں سہولت ہوسکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شیتل کنڈ راجگیر میں گرونانک دیوجی آئے اور یہاں رہے ۔ ایسے میں یہاں گرودوارہ کی تعمیر ہو جائے گی تو ملک اور بیرون ملک رہنے والے سکھ عقیدت مند جوتاریخی اور ثقافتی چیزوں میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ یہاں پیشانی ٹیکنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گرونانک دیو جی کے 550ویں پرکاش پرو میں ہم لوگوں کا مکمل تعاون رہے گا ۔ آپ تمام جتھیدار اور سیوا دار بیٹھے ہیں ہم یہی کہیں گے کہ 12نومبر سے قبل تعمیر کا کام پورا ہو جائے تاکہ 550ویں پرکاش اتسو میں جو لوگ یہاں آئیںگے وہ بھی ماتھا ٹیک سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ چاروں طرف پہاڑی ہے اس لیے گرودوارہ کی تعمیر ہو جائے گی تو اس کا حسن اور بھی بڑھ جائے گا ۔ اپنے خطاب کے آخر میں وزیر اعلیٰ نے’جو بولے سو نہال ست سری کال ‘کا نعرہ لگا یا ۔
تقریب کو جتھے دار آکال تخت صاحب ،ہر پرت سنگھ جی ، بابا موہندر سنگھ جی ، مکھی رانا فرقہ کے سنت بابا بجیندر سنگھ جی ،شیرو منی گرودوارہ انتظامیہ کمیٹی کے جتھیدار بابا گوبند سنگھ جی لونگو وال ، دہلی گرودوارہ کے جتھے دار پٹنہ صاحب تخت ہریمندر کے جتھیدار جناب گیانی اقبال سنگھ نے بھی خطاب کیا ۔
اس موقع پردیہی ورکس محکمہ کے وزیر شیلیس کمار ، ممبر پارلیمنٹ کوشلندر کمار ، ممبر اسمبلی روی جیوتی ، ممبر اسمبلی چندر سین جی ، بہار ریاستی پروجیکٹ کونسل کے وائس چیئر مین جی ایس کنگ سمیت دیگر شخصیات ،سینئر افسران ، جتھیدار ، سیوادار اور بڑی تعداد میں سکھ عقیدت مند موجود تھے ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close