سیاست

راجناتھ سنگھ نے سری نگر میں ترقیاتی پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائزہ لیا

سری نگر : جموں وکشمیر کے دو روزہ دورے پر آنے والے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ریاست میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔ تاہم وزیر داخلہ وادی میں ناسازگار موسم کی وجہ سے جنوبی کشمیر میں سطح سمندر سے 13 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گھپا میں حاضری نہیں دے پائے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا ’مسٹر راجناتھ سنگھ کی صدارت میں جمعرات کی صبح یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں موصوف نے ریاست میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا‘۔ انہوں نے بتایا ’میٹنگ کے دوران ریاستی گورنر نریندر ناتھ ووہرا نے وزیر داخلہ کو ریاست میں مختلف پروجیکٹوں پر جاری کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی‘۔

میٹنگ میں ریاستی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ چیف سکریٹری بی وی آر سبھرامنیم ، گورنر کے تینوں مشیر بی بی ویاس، وجے کمار اور خورشید احمد گنائی بھی موجود تھے۔ بتادیں کہ قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، مرکزی داخلہ سیکرٹری راجیو گابا، جوائنٹ سیکرٹری جے اینڈ کے گیانیش کمار اور وزرات داخلہ کے اعلیٰ افسران بھی مرکزی وزیر کے ہمراہ ریاست کے دورے پر آئے ہیں۔

مسٹر راجناتھ نے بدھ کے روز یہاں گورنر این این ووہرا کے ساتھ راج بھون میں ریاست میں سیکورٹی صورتحال، ترقیاتی پروگراموں کی عمل آوری اور نوجوانوں کو ترقیاتی عمل میں شریک کرنے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close