کھیل

رمیز راجہ کا اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کرنے کا مطالبہ

جوہانسبرگ:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اوپننگ بلے باز رمیز راجہ نے ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف تجربہ ہی ٹیم میں شامل کرنے کی وجہ نہیں ہونی چاہئے بلکہ یہ دیکھنا چاہئے کہ کھلاڑی ٹیم کیلئے کیا کارکردگی دکھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اظہر علی کی ٹیم میں جگہ پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 30 رنز بنائے اور اس کے بعد اب تک ان کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی ہے۔ وہ شارٹ پچ گیند کھیل سکتے ہیں اور نہ ہی سوئنگ ہوتی گیند کا سامنا کر پاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیریز میں اس طرح کی کارکردگی دیکھ کر صرف اتنا ہی کہا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے تجربے کی بنیاد پر ہی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو پائے ہیں کیونکہ وہ 70 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں لیکن میرا یہ ماننا ہے کہ بعض اوقات آپ کو ٹیم کی بہتری کیلئے سخت فیصلے کرنا پڑتے ہیں کیونکہ تمام لڑکے ہی پاکستان کیلئے کھیلنے، کچھ کر دکھانے اور ٹیم کی جیت میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے ٹیم میں شامل ہوتے ہیں۔کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے اور اس میں وہی کھلاڑی حتمی الیون کا حصہ ہونے چاہیئے جو ٹیم کے کام آئیں ، آپ کتنے ہی اچھے کھلاڑی ہوں لیکن اگر آپ ٹیم کے کام نہیں آرہے تو پلیئنگ الیون میں آپ کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیئے ۔ 56سالہ رمیز راجہ نے تیسرے ٹیسٹ کے لیے لیگ ا سپنر یاسر شا ہ کو ٹیم سے ڈراپ کرنے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یاسر شاہ جیسے میچ ونر کو ڈراپ کرنا ٹیم مینجمنٹ کا غلط فیصلہ تھا ،آپ کیسے تیز ترین 200ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے بالر کو ایک ایسی پچ پر کھیلنے سے محروم کرسکتے ہیں جس پر اسے مدد مل سکتی ہو،میرے خیال میں ان کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک ہوا ہے ۔ٹیم مینجمنٹ نے انہیں بلے بازوں کی ناقص کاکردگی کو دیکھتے ہوئے ڈراپ کیا ہے جس سے یہ ظاہر ہورہا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ درست فیصلے نہیں کررہی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close