پٹنہ: بہار یوتھ کانگریس کے زیر اہتمام منعقد ’’سوچ سے سوچ کی لڑائی‘‘ پروگرام میں تعلیم اور روزگار کے سوالات چھائے رہے۔ کالج آف کامرس کے آڈیٹوریم ہال میں آج بڑی تعداد میں جمع ہوئے طلبا کے مفاد سے جڑے مدعوں کا ایک ایک کر کے جواب دیتے ہوئے یوتھ کانگریس کی قومی انچارج کرشنا الواڈو نے کہا کہ پرائمری تعلیم اور صحت ان کی پارٹی کی ترجیحات میں ہیں۔ طلبا کو روزگار ملنا چاہئے ورنہ یہ مشنری کی ناکامی ہے۔ آبادی پالیسی کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی جمہوری ملک کے ناطے بہت واضح ہے۔
سابق کانگریس سرکار کی حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاہے عورتوں کی عزت کی بات ہو، یا اقلیتوں کا تحفظ ، کانگریس پارٹی ہمیشہ سے سب کا احترام کرتی رہی ہے۔ معلوم ہوکہ بہار انچارج امت یادو کی ہدایت کے مطابق 6دسمبر کو ’’سوچ سے سوچ کی لڑائی‘‘پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں بہار یوتھ کانگریس کے سکریٹری کمار روہت نےبتایا کہ ملک کی حالت میں تبدیلی لانے کےلئے اور بہار کے نوجوانوں کو اس میں شامل کرنے کےلئے یہ پروگرام منعقد کیا گیا ۔
اس پروگرام میں کلیدی مقرر کے طور پر یوتھ کانگریس کے کرشنا الواڈو اور ایم ایل سی پریم چندر مشرا کے ساتھ ساتھ سماج کے دانشوروں نےمیڈیا ، انتظامیہ کے افسران اور اساتذہ و پروفیسران بھی شامل ہوئے ۔