فلم

شاہ رخ خان کو رومانوی ہیرو کیوں کہا جاتا ہے؟

ممبئی:بولی وڈ کی رومانٹک فلموں میں شمار ہونے والی بلاک بسٹر فلم ‘کچھ کچھ ہوتا ہے’ کو رواں ماہ 16 اکتوبر کو 20 برس مکمل ہوئے تھے۔یہ فلم 16 اکتوبر 1998 کو ریلیز کی گئی تھی، جس میں شاہ رخ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اور وہ فلم میں 2 اداکاراؤں سے پیار کرتے دکھائی دیے تھے۔اس فلم میں شاہ رخ خان نے جہاں رانی مکھرجی جیسی نوجوان اداکارہ کے ساتھ رومانس کیا، وہیں وہ پرانی ساتھی اداکارہ کاجول کے ساتھ بھی رومانس کرتے دکھائی دیے تھے۔شاہ رخ خان کو ‘کھ کچھ ہوتا ہے‘ جیسی دیگر رومانٹک فلموں میں کام کرنے کی وجہ سے انہیں رومانوی ہیرو یا ‘کنگ آف رومانس’ بھی کہا جاتا ہے۔اور اب اداکارہ رانی مکھرجی نے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ شاہ رخ خان کو کیوں رومانوی ہیرو مانا جاتا ہے۔‘مڈ ڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ‘کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کے 20 سال مکمل ہونے پر اس فلم کے ہدایت کار کرن جوہر اور کاسٹ نے ایک تقریب میں شرکت کی اور اپنے اپنے تجربات بتائے۔اسی شو میں شاہ رخ خان، کاجول اور رانی مکھرجی کو ایک ساتھ اسٹیج پر فلم کے حوالے سے بات کرنے کے لیے بھی مدعو کیا گیا، جہاں رانی مکھرجی نے کئی انکشافات کیے۔رانی مکھرجی نے اعتراف کیا کہ انہیں شاہ رخ خان نے ہی رومانس کرنا سکھایا اور وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہوں نے ان کے ساتھ کام کیا۔رانی مکھرجی نے فلم کی شوٹنگ کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ رخ خان نے انہیں ‘کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کے ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران بوسہ دیا اور وہ یہ سین شوٹ کرواتے ہی شرم سے لال ہوگئے۔رانی مکھرجی نے یہ بھی بتایا کہ وہ ان دنوں کاجول کو اپنی بڑی بہن ‘دیدی‘ کہ کر پکارتی تھیں اور ان سے مشورے اور مدد مانگتی تھیں۔اسی تقریب میں کاجول نے بتایا کہ رانی مکھرجی نے فلم میں ‘ٹینا’ نامی خوبرو اور نوجوان لڑکی کا کردار ادا کیا تھا، اس لیے وہ شوٹنگ کے دوران بھی شہزادیوں کی طرح تیار ہوکر آتی تھیں۔کاجول کے مطابق رانی مکھرجی اپنے کردار کی طرح مختصر کپڑوں میں خوبرو بنتی پھرتی تھیں۔کاجول اور رانی مکھرجی کی گفتگو کے دوران شاہ رخ خان شرم کے مارے ہنستے رہے اور ان سے کچھ بولا ہی نہیں گیا۔خیال رہے کہ اس فلم کی ہدایات کرن جوہر نے دی تھیں، جنہوں نے اگرچہ اس فلم کا سیکوئل بنانے کا اعلان نہیں کیا، تاہم انہوں نے اشارتا کہا تھا کہ اگر وہ اپنی کسی ماضی کی مقبول فلم کا سیکوئل بنائیں گے تو اس میں رنبیر کپور، جھانوی کپور اور عالیہ بھٹ کو کاسٹ کریں گے۔کرن جوہر کے اس بیان کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر اس فلم کے سیکوئل میں ان ہی اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا۔دوسری جانب ‘کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کے 20 سال مکمل ہونے پر کاجول نے رنبیر، جھانوی اور عالیہ کو چینلج کیا کہ وہ شاہ رخ، رانی اور ان کی طرح فلم میں کام نہیں کرسکتے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ ‘کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کا سیکوئل کب بنتا ہے اور اس میں کن اداکاروں کو کاسٹ کیا جاتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close