متھلانچل

شہر سے دیہات تک جلوس محمدی کی دھوم

پرچم ، بینر پوسٹر اور ڈی جے کے شور میں ڈوبا شہر

دربھنگہ:عید میلاد النبی کے موقع پرسخت حفاظتی بندوبست کے درمیان ضلع کے شہر اور دیہی علاقوں میں جلوس محمدی کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ دربھنگہ شہر میں طے شدہ پروگرام کے مطابق انجمن خدام ملت قلعہ گھاٹ کے زیر اہتمام صبح کے9؍ بجے مدرسہ حمیدیہ قلعہ گھاٹ سے انجمن کے سرپرست واراکین کی قیادت میں روانہ ہوا۔ جلوس نیم چوک، اردو بازار ، رحم خاں، کرم گنج، دمدمہ، دارو بھٹی چوک، ناکہ نمبر 6؍ ہوتا ہوا خان چوک پہنچا۔ جہاں پر شاہ گنج، بیتا، اسگائوں، بہادر پور، رحم گنج، بائولی، کٹہل باڑی ، بیلا ، قادر آباد، فیض اللہ خان کے قافلوں کے ساتھ محلہ خان چوک پہنچا ۔ اس درمیان مختلف محلوںسے جلوس بھی شامل ہوتے ہوگئے۔ خان چوک سے انجمن کاروان ملت کے زیر اہتمام فیض اللہ خان کے علاوہ شاہ گنج بیتا،اسگاؤں، اللپٹی، کٹہل باڑی، بیلا، ننورا، گنگوارہ، باؤلی، مولا گنج ودیگر محلوں کے جلوس کو شامل کرتے ہوئے خان چوک، فیض اللہ خاں، مولا گنج، خانقاہ چوک، مرزا پور، دربھنگہ ٹاور، مشرف بازار ہوتا ہوا مدرسہ حمیدیہ واپس ہوا جہاں مولانا عبد الغفار ثاقب کی دعا پر جلوس کا اختتام عمل میں آیا۔ جلوس کی کامیابی کے لیے انجمن خدام ملت اور انجمن کاروان ملت کے اراکین سرگرم عمل تھے۔ جلوس کے درمیان پیدل، موٹر سائیکل کے ساتھ کئی درجن گاڑیوں پر ڈی جے اور باجے لگاکر سلام اور نعت پڑھے جارہے تھے ۔ بھیڑ کے مد نظر انتظامیہ کی جانب سے حفاظت کے سخت بند وبست کئے گئے تھے۔ لہریا سرائے،ٹاؤن تھانہ ، بینتا اوپی، کوتوالی، یونیورسٹی تھانوں کی پولیس کے علاوہ دیگر پولیس کے مسلح جوان بھی جلوس کی نگرانی کر رہے تھے۔ اس موقع پر مفتی عبدالغفار ثاقب، مولانا عبدالرحمن ، مولانا وارث علی کے علاوہ انجمن خدام ملت کے صدر معین قریشی، سکریٹری شرف عالم تمنا، سید ضیاء الرحمن دلارے،جاوید انور، خالد رضا، فیضان الرحمن سبحانی، ڈاکٹر قمر الحسن،انجینئر اشتیاق، رستم قریشی، مولانا اجمیری ، مولانا عبدالمجید مصباحی، مولانا رضا المصطفیٰ مصباحی، حافظ نیاز الدین نوری،مولانا مہدی رضا روشن القادری،رضی احمد، شہزادے سردار، ریاض خان قادری، مولانا ارمان مبارکی، قاری امام حسن ، ڈاکٹر عبد السلام منا خان، نفیس الحق رنکو، اقبال حسن رشو، سمیت درجنوں سرکردہ لوگ جلوس کی قیادت کر رہے تھے۔اس سے قبل منگل کی شب شہر کے علاوہ دیہی حلقوں میں بھی درجنوں مقاما ت پر محفل میلاد اور جلسہ سیرت النبی کا اہتمام کیا گیا۔ جبکہ انجمن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے سہ روزہ جلسہ سیرت النبی کے 72ویں اجلاس کا افتتاح بدھ کی شب مدرسہ حمیدیہ کے احاطہ میں ہوا اور علمائے کرام نے خطاب کر کے نبی اکرم ﷺ کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کی نظامت حافظ نیاز الدین نوری نے کی۔ کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔ دوسری جانب دیہی علاقوں سے بھی جلوس محمدی کا اہتمام کیے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ اس بابت بینی پور رضا نگر، ڈاک بنگلہ، بسوہام،بدر بنا، دار العلوم غوثیہ مکیہ بہیرا، پوڑی، بینی پور بھرپائی ٹولہ، ہنومان نگر، کرہری، دھیرک، پوہدی، بھگوت پور، بسولی، آشا پور وغیرہ علاقوں سے جلوس محمدی نکل کر بہیرا عید گاہ میں جمع ہوا اور درود وسلام پیش کرتے ہوئے خانقاہ احمدیہ صابریہ آشا پور پہنچ کر صلاۃ وسلام اور دعا پر اختتام پذیر ہوا۔ اس میں خاص طور پر ابو بکر رضوی، مولانا سمیع اللہ قادری اور محمد نسیم وغیرہ سرگرم تھے۔ ملی اطلاع کے مطابق علی نگر بلاک کے شیام پور واقع خانقاہ چشتیہ اور سابق سرپنچ غلام زین العابدین کی رہائش گاہ پر نقش پا اور دیگر تبرکات کی زیارت بھی عقیدت مندوں نے کی۔ جلوس محمدی مدرسہ محمدیہ سے نکل کر خانقاہ، علی نگر سیما، امام گنج، پنہد، پکڑی، پرہولی، سہجولی سے گزر کر علی ہاٹ میدان پہنچا جہاں اجلاس عام سے علما کا خطاب ہوا۔ دعا اور سلام پر جلوس اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر حافظ محمد سجاد، راشد حسین، حافظ عبد الغفار ، تمیز الدین، ابو الحسن، ماسٹر صغیر عالم، ماسٹر صدر عالم، مجاہد فریدی اور مختار انصاری سمیت کثیر تعداد میں دانشوران اور علاقے کے لوگ شامل تھے۔ وہیں صدر بلاک کے شہباز پور پنچایت کے بھلوکا گاؤں میں بھی جلوس محمدی کا اہتمام کیاگیا جو بھلوکا بھلنی، جمال چک، بازار سمیتی ، شیودھارااور کوٹھیا سے گزر کر بھلوکا واپس ہوا جہاں سلام پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے درمیان دارو بھٹی چوک پر مقامی لوگوں کی جانب سے شیرینی تقسیم کی گئی جس میں ڈاکٹر سلیم، ببلو، ڈبلو وغیرہ سرگرم تھے۔
(رپورٹ:عبدالمتین قاسمی)

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close