بین الاقوامی

غزہ کی سرحد پر تین بچوں کی موت: اسرائیل پر فوج کے بے جا استعمال کا الزام

غزہ ،:فلسطین نے غزہ کی سرحد پر اسرائیل کے فضائی حملے، جس میں 3 بچے جاں بحق ہوگئے تھے کے واقعہ کے بعد اسرائیل پر فوج کے بے جا استعمال کرنے کا الزام لگادیا۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم نے تینوں بچوں پر باڑ کو نقصان پہنچانے اور ممکنہ بم رکھنے کے الزام میں بے جا فوج کا استعمال کرتے ہوئے فضائی حملہ کرنے کا الزام لگایا۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق تینوں بچوں کی عمریں 13 سے 14 سال تھیں۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ان بچوں نے باڑ کو نقصان پہنچانے اور ممکنہ طور پر اس کے قریب بم رکھنے کی کوشش کی تھی۔
غزہ میں فلسطینی سینٹر برائے انسانی حقوق کا کہنا تھا کہ ان کی تحقیق کے مطابق تینوں بچے باڑ سے دوسری جانب دیکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ پیرامیڈک اسٹاف جنہوں نے غزہ کی سرحد سے بچوں کی لاشیں اٹھائی تھیں نے تصدیق کی کہ بچوں کے پاس کوئی ہتھیار نہیں تھے۔انہوں نے بچوں کی عمریں 14 سے 15 سال بتائیں۔بعد ازاں اسرائیلی فوج کے ترجمان نے گزشتہ بیان پر قائم رہتے ہوئے مزید بات کرنے سے انکار کردیا۔یہ سانحہ ایسے وقت میں پیش آیا جب غزہ کی سرحد پر مہینوں سے جھڑپ اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔وزارت صحت نے جاں بحق بچوں کی شناخت- 14 سالہ خالد ابو سعید، 13 سالہ محمد ابو ظہیر اور 13 سالہ محمد الستاری کے نام سے کی۔
بچوں کا تعلق باڑ سے ایک کلومیٹر دور وادی السلقا سے بتایا گیا ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی آج نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔
بچوں کے پڑوسی ولید محرب کا کہنا تھا کہ انہوں نے بچوں کو جاتے ہوئے دیکھا تھا، وہ خوش تھے، ہنس رہے تھے اور میں نے انہیں اپنا خیال رکھنے کا کہا تھا۔بچوں نے کہا تھا کہ وہ پرندے پکڑنے جارہے ہیں۔13 سالہ محمد کے والد ابراہیم الستاری کا کہنا تھا کہ انہوں نے دھماکے کی آواز سنی تھی اور جان گئے تھے کہ وہ مر چکے ہیں تاہم ان کی کچھ سمجھ میں نہیں آرہا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ’ ’مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے میرے بیٹے اور اس کے دوستوں کو کیوں مارا، وہ چھوٹے بچے تھے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا’ ’اسرائیلی فوج چاہتی تو وہ انہیں پکڑ بھی سکتی تھی، انہیں معلوم ہوجاتا کہ وہ کھیل رہے ہیں‘‘

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close