پٹنہ

فروغ اردو سیمینار کا مقصد اردو بیداری اور ماحول سازی: امتیاز کریمی

پٹنہ:اردو زبان کے فروغ اور اردو آبادی میں اردو کے تئیں بیداری اور احساس ذمہ داری پیدا کرنے کی غرض سے اردو ڈائرکٹوریٹ کے زیر اہتمام ضلع دربھنگہ کے مقامی ڈان باسکو اسکول کے کانفرنس ہال میں بتاریخ ۵؍اگست ۲۰۱۸ء بوقت ۱۰؍بجے دن ایک فروغ اردو سیمینار کے انعقاد کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔جس کا مقصد اردو زبان کے تحفظ اور فروغ کے سلسلے میں اردو آبادی میں بیداری اور احساس ذمہ داری پیدا کرنا ہے۔یہ باتیں اردو ڈائرکٹوریٹ کے ڈائرکٹر امتیاز احمد کریمی نے اپنے ایک بیان میں کہیں۔انھوں نے کہا کہ چونکہ اِس پروگرام کا مقصداردو کا تحفظ، اردو کا فروغ اور اردو میں درس و تدریس کے چلن کو عام کرنا ہے لہٰذا اِس میں ضلع کے جملہ اردو اساتذہ کی شرکت ضروری ہے۔
اِس ضمن میں ڈائرکٹوریٹ کے ذریعہ ایک مکتوب روانہ کرکے ڈی۔ایم اور ڈی۔ای۔او۔ سے گذارش کی گئی ہے کہ وہ ضلع کے اردو اساتذہ کو مذکورہ سیمینار میں شرکت کے لئے اپنی سطح سے ہدایت جاری کریں۔جناب کریمی نے کہا اردو اساتذہ کی شرکت سے یہ سیمینار زیادہ نتیجہ خیز اور مفید ثابت ہوگا۔ انھوں نے ضلع کے سبھی اردو ملازمین کو اِس میں وقت کی پابندی کے ساتھ شرکت کی ہدایت جاری کی ہے۔اطلاع کے مطابق سیمینار کی صدارت اردو مشاورتی کمیٹی کے صدر نشیں شفیع مشہدی فرمائیں گے جبکہ پروفیسر اجیت کمار ورما مہمان خصوصی اور پروفیسر شاکر خلیق ، پروفیسر عبدالمنان طرزی، ڈاکٹر مشتاق احمد ، پروفیسر انیس صدری اور ڈاکٹر نجیب اختر مہمانانِ اعزازی کی حیثیت سے شریکِ محفل رہیں گے۔اس موقع پر ڈاکٹرامام اعظم، جناب شکیل احمد سلفی اور ابرار احمد اجراوی اپنے اپنے مقالے پیش کریں گے۔مندوبین کی حیثیت سے محمد ارشد حسین، ڈاکٹر منصور خوشتر و ڈاکٹر محمد عبدالرحمن ارشد اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ڈائرکٹر موصوف نے ضلع کے اردو دانشوروں ، اردو دوستوں اور اردو کے جملہ بہی خواہوں کو بطور خاص اِس پروگرام میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اردو ڈائرکٹوریٹ جس طرح سے پورے بہار میں اردو کے لئے ماحول سازی کی مسلسل کوششیں کر رہا ہے وہ آپ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انھوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ اردو ڈائرکٹوریٹ کو ضلع کے سبھی شاعروں ، ادیبوں، دانشوروں ، معلموں اور بہی خواہوں کا بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close