بہارسیاست

مانسون اجلاس شروع،اسمبلی میں ضمنی بجٹ پیش

پٹنہ:بہار قانون سازیہ کابارانی اجلاس آج سے شروع ہو گیا۔ بہارقانون ساز کونسل کے کارگذارچیئر مین محمد ہارون رشید اوربہار قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر وجئے کمار چودھری کے خطاب سے بارانی اجلاس کا آغاز ہوا۔اسپیکر وجئے کمار چودھری نے اردو میں اپنا افتتاحی خطبہ پیش کیا۔ ریاست کے وزیر مالیات اور نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی نے پہلا ضمنی بجٹ پیش کیا۔ قانون ساز کونسل کے چیئرمین محمد ہارون رشید نے نتیش حکومت کی بہار کے ہمہ جہت ترقی کے لئے کئے جارہے کئی تاریخی اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مکمل شراب بندی، کم عمر کی شادی اورجہیزجیسی بری لعنت کے خلاف جو اہم فیصلے لئے ہیں اس کی ستائش نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک میں بھی ہورہی ہے۔ پٹنہ میوزیم ، سببھیتا دوار، گیان بھون، بدھ اسمرتی پارک وغیرہ فن تعمیر کے نایاب نمونے ہیں۔ ہارون رشیدنے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نتیش حکومت نے اقلیتی طبقے کی فلاح وبہبود کے لئے کئی منصوبے چلائے ہیں۔ بہار ریاستی مدرسہ بورڈ سے منظور شدہ مدارس میں تعلیمی اصلاح کے لئے سرکاری فنڈ سے بنیادی سہولیات جیسے کلاس روم، لائبریری، پینے کا پانی اور اجابت خانہ کے انتظام کے لئے جو فیصلے لئے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ ضلع سطح پر وقف کی زمین پر کثیر منزلہ عمارت کی تعمیر جس میں وقف کمیٹی کا دفتر ، لائبریری ، آڈیٹوریم کے ساتھ ساتھ کوچنگ سینٹر کا نظم کیا جانا بہار کی اقلیتوں کے لئے نتیش حکومت کا بڑا فیصلہ ہے۔ انہوں نے تمام اراکین سے عوام مسائل اورریاست وملک کے مفاد میں ایوان میں باتیں رکھنے اور حکومت سے اس پر کارروائی کے لئے مطالبہ کرنے کی گذارش کی۔ انہوں نے کہا کہ دس سے ارکان قانون ساز کونسل نے گذشتہ 7مئی کو حلف لیا ہے جن میں کچھ تو پرانے ہیں اور کچھ نئے ہیں۔ ان تمام ارکان کو میں دل سے مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوںنے ارکان سے گذارش کی کہ ایوان کے ضابطوں طور طریقوں اور پارلیامانی امور کے بارے میں پوری طرح سے باخبر ہوں تاکہ پارلیامانی کاموں کی انجام دہی میں دقت نہ ہو۔اس کے بعدانہوں نےراج کمار مہا سیٹھ، پدماشاجھا، ایل پی شاہی، رامیشور پاسوان، باگن سمبرئی، رشی کیش تیواری، پریم پردیپ اور نیل موہن سنگھ جیسی 8اہم شخصیتوں اورسابق ارکان کونسل کی رحلت پر تعزیتی قرارداد پیش کئے۔ بعد میں دومنٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے بعد ان رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ اس کے بعد چیئرمین نے ایوان کی کارروائی 22جولائی تک کیلئے ملتوی کردی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close