بہار

مدھوبنی پینٹنگ سے آراستہ بہار سمپرک کرانتی دربھنگہ سے روانہ

دربھنگہ: مدھوبنی پینٹنگ سے آراستہ بہار سمپرک کرانتی سپر فاسٹ اکسپریس ( 12565/66 )ہری جھنڈی دکھا کر سمستی پور کے ڈی آر ایم آر کے جین نے روانہ کیا۔ متھلا پینٹنگ کے ذریعہ ٹرین کی بوگیوں کو قدرتی مناظر اور ریاستی کلچر کی نمائشوں سے سجایا گیا ہے جس میں ٹرین کی بوگیوں پر سورج کے طلوع ہونے کا منظر، پھلوں سے لدے درخت، ندی میں تیرتی مچھلیاں، جھرنے، پہاڑ اورمنڈلاتے بادل جیسے قدرت کے حسین مناظر کا عکس اتارا گیا ہے۔ صبح 8:25پر یہ ٹرین دربھنگہ اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 01سے روانہ ہوئی۔اسے دیکھنے کیلئے لوگوں کا ہجوم امڈ پڑا۔ جھنڈا دکھا کر روانہ کرتے ہوئے ڈی آر ایم آر کے جین نے کہا کہ یہ متھلانچل کے لوگوں کے لیے فخر کی بات ہے۔ ان کا آرٹ آج بہار کے دوسرے علاقوں سے ہوتے ہوئے یوپی اور دلی تک جائے گی۔ اس کا مقصد مدھوبنی پینٹنگ اور علاقہ کے کلچر کو ملک میں مشتہر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت اس ٹرین میں 9بوگیاں متھلا پینٹنگ سے مزین کر کے لگائی گئی ہیں۔ آگے اس کی تعداد بڑھا کر 22-24تک کی جائے گی۔مدھوبنی پینٹنگ سے آراستہ کرنے والی آرٹسٹ خوشبو چودھری اور انجلی جھا نے کہا کہ ان کی ٹیم کی ایک مہینہ کی کڑی محنت رنگ لائی ہے۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے مزید کئی اور بوگیوں کو پینٹ کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ ریلوے کی اس پہل سے متھلا پینٹنگ سے جڑے لوگوں میں خوشی کا ماحول ہے اور ان کیلئے روزگار کے دروازے کھلنے لگے ہیں ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close