جمو ں وکشمیر

مسلح تصادم، میجر سمیت 4 فوجی اہلکار جاں بحق، 2 جنگجو مارے گئے

سری نگر :شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے گریز سیکٹر میں ہونے والے ایک مسلح تصادم میں ایک افسر سمیت 4 فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔ فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلح تصادم میں دو بھاری مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ دفاعی ترجمان کے مطابق طرفین کے مابین مسلح تصادم پیر اور منگل کی درمیانی شب کو شروع ہوا۔ فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ’گریز سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے۔ دو جنگجو مارے گئے ہیں۔ آپریشن میں ایک افسر اور تین فوجی شہید ہوگئے ہیں۔ آپریشن جاری ہے‘۔دفاعی ذرائع نے مہلوک فوجیوں کی شناخت میجر کے پی کمار رانے ساکنہ تھانہ مہاراشٹر، گرینیڈیئر وکرم جیت ساکنہ امبالا ہریانہ، رائفل مین مندیپ سنگھ راوت اور ہمیر سنگھ ساکنان اتراکھنڈ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ مہلوک فوجی اہلکار 36 راشٹریہ رائفلز (آر آر) سے وابستہ تھے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ گریز سیکٹر میں بڑے پیمانے کا جنگجو مخالف آپریشن جاری ہے۔دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ طرفین کے مابین مسلح تصادم پیر اور منگل کی درمیان شب کو جنگجوؤں کے ایک گروپ کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کے دوران چھڑ گیا۔ انہوں نے بتایا ’گریز سیکٹر میں ایل او سی کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے گزشتہ رات جنگجوؤں کے ایک گروپ کو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے سرحد کے اس پار داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا‘۔انہوں نے بتایا ’جب جنگجوؤں کو للکارتے ہوئے خودسپردگی اختیار کرنے کے لئے کہا گیا تو انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے فوجیوں پر فائرنگ کی‘۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ فوجیوں کی جوابی فائرنگ کے ساتھ ہی طرفین کے مابین مسلح تصادم شروع ہوا۔ انہوں نے بتایا ’مسلح تصادم کے دوران ایک میجر سمیت چار فوجی جوان جاں بحق ہوئے جبکہ فوجیوں کی جانب سے دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا‘۔راجیش کالیا نے بتایا کہ علاقہ میں بڑے پیمانے کا جنگجو مخالف آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا ’مسلح تصادم کے مقام سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے‘۔
دریں اثنا ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ کا کہنا ہے کہ گریز سیکٹر میں پاکستان کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی بھی کی گئی۔ ضلع مجسٹریٹ بانڈی پورہ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’گریز میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی‘۔
یو این آئی۔ ظ ح بٹ

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close