متھلانچل

مقابلاتی امتحانات کے لئے مفت کوچنگ اقلیت طبقوں کی ترقی کے لئے مشعلِ راہ : ڈاکٹر مشتاق احمد

سی ایم کالج دربھنگہ میں بی پی ایس سی ، یو جی سی نیٹ اور سی ٹیٹ کے طلباء میں کتابوں کی تقسیم

دربھنگہ :گلوبلائزیشن(عالم کاری) کے اس دور میں جب پوری دنیا ایک بازار بن چکی ہے تو روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہو رہاہے۔ لیکن اس کیلئے مقابلہ بھی بڑھا ہے ۔ ایسے وقت میں اقلیتی طلباء کیلئے ریاستی حکومت کے ذریعہ مقابلاتی امتحانات کی تیاری کیلئے مفت کوچنگ کا نظم اس طبقہ کی ترقی کے لئے مشعلِ راہ ہے۔مذکورہ باتیں ڈاکٹر مشتاق احمد، پرنسپل سی ایم کالج دربھنگہ نے کہی ۔ڈاکٹر احمد کالج میں محکمہ اقلیتی فلاح وبہبود حکومت بہار ، پٹنہ کے زیر اہتمام چل رہے بی پی ایس سی، یو جی سی نیٹ اور سی ٹیٹ مفت کوچنگ کے طلباء کو امتحان سے متعلق مفت کتابوں کی تقسیم تقریب کو خطاب کر رہے تھے ۔ انہو ںنے کہا کہ دربھنگہ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کالج میں درسی نصاب کے علاوہ مقابلاتی امتحانات کی تیاری کرائی جا رہی ہے ۔ اس کا خاص مقصد طلباء کو خو د کفیل بنانا ہے اور کالج احاطہ میں مقابلاتی امتحانات کے تئیں طلباء کو بیدار کرنا ہے ۔ اس موقع پر پروفیسر آفتاب احمد آفاقی ، صدر شعبۂ اردو ، بنارس ہندو یونیورسٹی وارانسی، جو نیٹ اردو کے طلباء کے لئے منعقد خصوصی کلاس لینے کے لئے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بہار حکومت کا یہ منصوبہ طلباء کو ملک کے مین اسٹریم سے جوڑے گا۔ انہو ںنے کہا کہ کالجوں میں اس طرح کا مفت کوچنگ سنٹر چلایا جانا قابلِ تعریف ہے ۔ متھلانچل میں یہ پہلا کالج ہے جہاں یہ سہولت طلباء کو دی جا رہی ہے ۔ ڈ اکٹر اے ڈی این سنگھ نے طلباء کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سنہرا موقع ہے اس کا فائدہ اٹھائیں اور کالج انتظامیہ نے جس امید سے یہ کام شروع کیا ہے اسے مقام تک پہنچائیں تاکہ اس طرح کی کوشش جاری رہ سکے ۔ اس موقع پر پروفیسر وکاس کمار، ڈاکٹر سنجے کمار سہنی، ڈاکٹر آفتاب اشرف، ڈاکٹر ارتضیٰ احمد وغیرہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور مقابلاتی امتحان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔واضح ہو کہ نیٹ اردو کے طلباء کوچار کتابیں دی گئیں جب کہ بی پی ایس سی اور سی ۔ٹیٹ کے طلباء کے سوالات وجوابات پر مبنی مقابلہ جاتی کتابیں دی گئیں۔ کوچنگ میں ہفتہ وار ٹسٹ کا بھی اہتمام ہے اور طلباء کو ریڈنگ میٹریل دستیاب کرائے جاتے ہیں ۔
(رپورٹ:عرفان احمدپیدل )

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close