بین الاقوامی

میزوری میں کشتی ڈوب گئی، 11 سیاح ہلاک

واشنگٹن ،20جولائی امریکہ کی وسطی ریاست میزوری کی ایک جھیل میں سیاحوں سے بھری کشتی ڈوبنے سے 11 سیاح ہلاک ہوگئے ہیں۔حکام کے مطابق حادثہ میزوری کے معروف سیاحتی شہر برینسن میں واقع ‘ٹیبل راک’ نامی جھیل میں جمعرات کی شب پیش آیا۔ ہلاک ہو نے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔یہ علاقہ اسٹون کائونٹی میں واقع ہے جہاں کے شیرف ڈگ ریڈر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ کشتی پر سوار پانچ افراد کا تاحال سراغ نہیں ملا ہے جب کہ سات افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ مقامی اسپتال کے ترجمان کے مطابق اسپتال لائے جانے والوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔شیرف نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ڈوبنے والی کشتی ‘ڈک بوٹ‘ تھی اور قوی امکان ہے کہ کشتی موسم کی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوئی۔حادثے کے وقت اسی کمپنی کی ایک اور کشتی بھی سیاحوں کو جھیل کی سیر کرارہی تھی جو بحفاظت ساحل پر واپس پہنچنے میں کامیاب رہی۔ریاست میزوری کے علاقے اسپر نگ فیلڈ میں تعینات امریکہ کی نیشنل ویدر سروس سے منسلک ماہرِ موسمیات اسٹیو لنڈن برگ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ان کے ادارے نے جمعر ات کی شام برینسن کے علاقے میں شدید طوفان کی پیش گوئی کی تھی جس کے دوران ہوائوں کی رفتار 60 میل فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی ۔علاقہ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد بوٹ کمپنی کی حفاظت پر تعینات ایک پولیس اہلکار نے فوری کارروائی کرکے کشتی پر سوار کئی افراد کو ڈوبنے سے بچایا۔حادثہ کے بعد کئی اداروں کے غوطہ خور علا قے میں پہنچ گئے تھے جنہوں نے ڈوبنے والے افراد کو تلاش کر نے میں مقامی حکام کی مدد کی۔لیکن پولیس شیرف کے مطابق رات کا اندھیرا پھیلنے کے بعد مزید لاشوں کی تلاش کا کام روک دیا گیا ہے۔امریکہ میں ڈک بوٹس ان کشتیوں کو کہا جاتا ہے جو پانی میں تیرنے کے ساتھ ساتھ خشکی پر بھی چل سکتی ہیں۔ ابتداً یہ کشتیاں امریکی فوج نے جنگِ عظیم دوم میں فوجی دستوں اور ساز و سامان کی نقل و حرکت کیلئے استعمال کی تھیں لیکن بعد ازاں ان کشتیوں میں مناسب تبدیلیاں کرکے انہیں سیاحتی مقامات پر سیر و تفریح کے لیے استعمال کیا جانے لگا۔یہ کشتیاں امریکہ کے کئی شہروں میں چلتی ہیں اور انہیں ماضی میں بھی کئی حادثات پیش آچکے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close