بہارپٹنہ

وقف کی زمین عوامی فلاح کے لئے استعمال ہو : ارشاد علی آزاد

پٹنہ،: گذری پٹنہ سیٹی میں شاہراہ پر مسجد قاسم حسین خاں کا سنگ بنیاد بہار اسٹیٹ شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین ارشاد علی آزاد اور دیگر علمائے پٹنہ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر چیئرمین موصوف نے بتایا کہ یہ مسجد کافی مخدوش ہوچکی تھی اور کافی دنوں سے وہاں کی عوام خواہشمند تھی کہ اس مسجد کی نئی تعمیر ہونی چاہیے۔ اس سلسلے میں علمائے کرام اور شہر کی دیگر معزز شخصیتوں نے مجھ سے رابطہ قائم کرکے صورتِ حال سے آگاہ کیا اور خواہش ظاہر کی کہ مسجد کی مخدوش حالت کو دیکھتے ہوئے اس کی ازسرنو تعمیر کرائی جائے۔ اس سلسلے میں پیش رفت کرتے ہوئے شہر کے معزز علمائے کرام اور دیگر محترم شخصیات کی موجودگی میں مسجد قاسم حسین خاں کا سنگ بنیاد عمل پذیر ہوا۔ چیئرمین موصوف نے یہ بھی بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ پورے بہار سے وقف کی زمینوں کو قانونی طریقے سے غاصبوں کے قبضے سے آزاد کرایا جائے اور اس کا استعمال عوامی فلاح و بہبود کے لئے کیا جائے۔ ان زمینوں کو آزاد کرانے میں کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے لیکن سرکار نے جو ذمہ داری مجھے سونپی ہے، اس پر عمل درآمد کرنے کی پوری کوشش کررہا ہوں۔ میں وقف کی زمینوں کو اسکول، کالج، تکنیکی تعلیم، صحت، دینی درسگاہ وغیرہ سے جوڑنے کا خواہاں ہوں تاکہ ان زمینوں کا بروقت اور جائز استعمال ہوسکے اور لوگوں کو اس کا خاطرخواہ فائدہ حاصل ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں عوامی فلاح و بہبود کے لئے ہروہ کام کرنا چاہتا ہوں جس سے خاص کر غریبوں کو فائدہ حاصل ہو اور اس کے لئے میں ہر ممکن مدد کرنے اور تعاون دینے کے لئے تیار ہوں۔ مسجد کے سنگ بنیاد کے موقع پر چیئرمین موصوف کے علاوہ مولانا اسد رضا، مولانا سید علی امام، مولانا سید تہذیب الحسن رضوی (رانچی)، شاہ جوہر امام جونی، مولانا سید مظفر رضا، مولانا احمد علی، مولانا سید نقی امام، غلام محسن جعفری، اشرف حسین، سید شہزاد حسن، سید نوشاد علی وغیرہ کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔ تمام لوگوں نے مسجد کی تعمیر جدید کے لئے دُعائے خیر کی اور اُمید ظاہر کی کہ جلد از جلد اس مسجد کی تعمیر کا کام پورا کرلیا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close