متھلانچل

ٹریفک اور کرائم پر قابو پاناکیلئے دربھنگہ پولیس نے ویب سائٹ لانچ کیا

دربھنگہ :دربھنگہ پولیس نے www.manojkumarips.comویب سائٹ کے توسط سے ٹریفک کنٹرول ، جرائم کنٹرول اور نظم ونسق بنائے رکھنے کیلئے ایکشن پلان تیار کیا ہے جس کے تحت دربھنگہ میں ہونے والے جرائم ، حادثات ، گاڑیوں کی چوری کی جانکاری ویب سائٹ کے توسط سے دی جاسکتی ہے اور حاصل کی جاسکتی ہے ۔ مذکورہ باتیں سینئر ایس پی منوج کمار نے اتوار کو اپنے دفتر میں ویب سائٹ لانچ کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سروے میں پایا گیا ہے کہ دربھنگہ شہر میں خاص کر اور دربھنگہ ضلع میں عمومی طور پر بغیر رجسٹریشن اور پرمٹ کے چالیس سے پچاس فیصد گاڑیاں خاص طور پر آٹو رکشہ اور بڑی بسیں چلائی جارہی ہیں جبکہ دربھنگہ ضلع میں صرف 4500آٹو کا رجسٹریشن ہے ۔ اگر پرمٹ ہے بھی تو اکثر ڈرائیور اور مالک اس کی مخالفت کرتے ہیں جس کی وجہ سے شہر کی سڑکیں جام ہوجاتی ہیں ۔ عموما یہ دیکھا جاتا ہے کہ آس پڑوس کے اضلاع ، دیہی علاقوں کے آٹو ڈرائیور شہر آکر آٹو چلاتے ہیں اس سے مسافروں کی حفاظت بھی خطرے میں رہتی ہے ۔ اس کیلئے ٹریفک کنٹرول اور جرائم کی روک تھام کیلئے یہ پہل کی جارہی ہے ۔ آٹو ، بس اور دوسری گاڑیاں رجسٹریشن کے بعد اپنے طے روٹ پر چلے اور خلاف ورزی کرنے پر ایک ہزار سے پانچ ہزار روپئے تک کا جرمانہ وصولا جاسکتا ہے ۔ اور دوبارہ پکڑے جانے کی صورت میں دس ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ اسی طرح آگے بھی رقم بڑھایا جاسکتا ہے ۔ بغیر رجسٹریشن اور چوری کی گاڑی پکڑے جانے پر گاڑی ضبط کرلی جائے گی ۔ ویب سائٹ کے توسط سے گاڑیوں کے پرمٹ کو آسانی سے چیک کیا جاسکے گا ۔ اس کیلئے پولیس ، ضلع ٹرانسپورٹ دفتر کو ایڈمن بنایا گیا ہے اور پاس ورڈ دستیاب کرایاگیا ہے ۔ تینوں اٹھاریٹی اس کا فائدہ اٹھاسکیں گے ۔ اس میں سہولت ہے کہ اٹھاریٹی جیسے ہی گاڑی کا نمبرڈالے گا گاڑی کی پوری تفصیل ، مالک کانام ، پرمٹ نمبر اور پرمٹ کی تاریخ وغیرہ موبائل پر دستیاب ہوجائے گی اور ڈرائیور اور مالک پر حسب ضابطہ کاروائی ممکن ہوسکے گی ۔ انہو ںنے بتایا کہ اس ویب سائٹ پر چوری کی گاڑیو ںکی اطلاع موجود ہے جسے لگاتار اپ ڈیٹ کیا جائے گا ۔ کوئی بھی شخص جس کی گاڑی چوری ہوگئی ہو اس ویب سائٹ پر ایف آئی آر کے ساتھ یا بغیر ایف آئی آر کے اپ لوڈ کرسکتے ہیں دربھنگہ پولیس کے پاس اس کی فوری اطلاع پہنچ جائے گی ۔ اس ویب سائٹ کے ذریعہ وہاٹس ایپ سے بھی شکایت درج کرائی جاسکتی ہے ۔ اور اطلاع کی بنیادپر پولیس ہر ممکن کاروائی کرے گی ۔ اس کے علاوہ عام شہری اس ویب سائٹ سے دربھنگہ پولیس کے کسی بھی تھانہ سرکل ، سب ڈویزن اور ضلع پولیس کا رابطہ نمبر حاصل کرسکتے ہیں ۔ ویب سائٹ کے سہارے عام لوگ دربھنگہ پولیس اور افسران کی سرگرمیوں کو جان سکیں گے ۔ ایس ایس پی منوج کمار نے بتایا کہ عدالت احاطہ کے باہر بے ترتیب سے کھڑی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے متعلقہ اٹھاریٹی سے مذاکرہ کیا جارہاہے اور اس کیلئے صدر ایس ڈی او ،ڈی ایس پی اور ٹاؤن کمشنر باہم رابطے میں ہیں ۔ گاڑیوں کی حفاظت اور پارکنگ کیلئے نظم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مستقبل قریب میں عدالت کے باہر کھڑی گاڑیو ںکے پارکنگ کا نظم کرلیا جائے گا ۔ اور اس پر نگرانی رکھنے کیلئے QRTتشکیل دی گئی ہے یہ دستہ خصوصی اختیارات والا دستہ ہوگا جو جرائم کرنے یا اس کی منشالے کر عدالت احاطہ میں آنے والے جرائم پیشوں پر سیدھی کاروائی کرے گا ۔ یہ دستہ عدالت ، ایس ایس پی ،ڈی ایم ایم ،ڈی آئی جی ، کمشنر اور آئی جی دفتر میں نصب وائر لیس سے رابطے میں ہوگا ۔ کہیں سے اطلاع ملنے پر فوری طور پر کاروائی کرے گا ۔ ٹریفک بہتر بنانے کیلئے پندرہ مقامات پر ہوم گارڈ لگائے گئے ہیں ۔ پہلے سے ۸۰ ٹریفک جوان کام کررہے ہیں اور ضرورت دیکھتے ہوئے چوبیس مزید جوان لگائے گئے ہیں ۔ اس موقع پر صدر ڈی ایس پی انوج کمار اور ہیڈ کواٹر ڈی ایس پی پرفل کمار سمیت پولیس افسران موجود تھے ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close