کھیل

ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں:مورگن

کولمبو: انگلنیڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ایون مورگن نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کو پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں بھی شکست سے دوچار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا ٹیم کے خلاف مسلسل فتوحات پر وہ بہت خوش ہیں۔ اپنے ایک بیان میں مورگن نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف مسلسل فتوحات کے باعث ٹیم بااعتماد ہے اور وہ سری لنکا کو آخری میچ میں بھی شکست دینے کے لئے پرجوش ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں ون ڈے میچ منگل کو کولمبو میں کھیلا جائےگا۔ انہوں نے ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ سیریز میں کامیابی کیلئے آخری میچ میں ٹیم کے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیریز کے دوران وہ اپنی کارکردگی پر مطمئن ہیں اور میزبان ٹیم کے خلاف آئندہ میچوں میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کے لئے پرجوش ہیں۔
دریں اثنا انگلش بلے باز جونی بیئرسٹو فٹنس مسائل کے باعث سری لنکا کے خلاف شیڈول آخری ون ڈے اور واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ سے باہر ہو گئے، میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت بھی مشکوک ہو گئی۔ بیئرسٹو چوتھے ون ڈے سے قبل ٹریننگ کے دوران فٹ بال کھیلتے ہوئے ٹخنے کی انجری میں مبتلا ہوئے تھے جس کی وجہ سے وہ چوتھا ون ڈے بھی نہیں کھیل سکے تھے۔
انگلینڈ ٹیم مینجمنٹ کی میڈیکل ٹیم باقاعدگی سے ان کی انجری کا جائزہ لے رہی ہے اور آئندہ چند روز میں ان کی آئی لینڈرز کے خلاف شیڈول ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے بارے معلوم ہو گا۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 6 نومبر سے شروع ہو گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close