کھیل

پاکستان کا ایشیا کپ کے لیے 16رکنی اسکواڈ کا اعلان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2018کے لیے 16رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا ، آل راؤنڈرعماد وسیم فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرپانے کے سبب ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے جب کہ ان فارم عماد وسیم کو سابق کپتان محمد حفیظ کی جگہ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے ۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اسکواڈ کا اعلان کیا ۔
انضمام الحق کا کہنا تھاکہ عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہوگئے جس کی بنیاد پر انہیں منتخب نہیں کیا گیا،اسکواڈ میں 6 فاسٹ بولر رکھےگئے ہیں جن میں جنید خان، عثمان شنواری ، شاہین شاہ آفریدی ،شاداب خان، حسن علی ، محمد عامر شامل ہیں۔
ابتدائی کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق ، شان مسعود ، بابر اعظم ٹیم کاحصہ ہوں گے جبکہ مڈل آرڈر میں شعیب ملک،آصف علی ، حارث سہیل کو رکھا گیا ہے۔شاداب خان، محمد نواز ، فہیم اشرف کو بطور آل راؤنڈر رکھا گیا ہے۔ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 سے 28 ستمبر تک متحد ہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں پہلی مرتبہ چھ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، ہندستان ،پاکستان، سری لنکا،، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی جبکہ ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں سے کوئی ایک ٹیم کوالیفائنگ مرحلہ عبور کر کے ایونٹ تک رسائی حاصل کرے گی۔
ٹیموں کو دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہندستان ،پاکستان اور کوالیفائر ٹیم کو گروپ اے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔
15 ستمبر کو افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی، پاکستانی ٹیم 19 ستمبر کو روایتی حریف ہندستان کے آمنے سامنے ہوگی ۔ سپر فور مرحلے کے میچ 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
اعلان کردہ ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان ووکٹ کیپر)،فخر زمان ، حسن علی ،امام الحق ، شعیب ملک ، بابر اعظم ، شاداب خان ، عثمان خان شنواری ، شاہین شاہ آفریدی ، محمد عامر ،شان مسعود ، حارث سہیل، محمد نواز ، فہیم اشرف اور جنید خان شامل ہیں ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close