پٹنہہندوستان

پورے ملک میں منائی گئی عید میلاد النبیؐ

پٹنہ:پورے ملک میں عید میلاد النبی کا تہوارجوش وخروش کے ساتھ منایاگیا۔ مسلمانوں کے لئے یہ دن بے حد خاص ہوتا ہے۔پٹنہ میں جگہ جگہ جلوس محمدی نکالاگیا۔ادارہ شرعیہ کی جانب سے بڑے اہتمام کے ساتھ جلوس نکالاگیا،جبکہ خانقاہ منعمیہ کی جانب سے بھی جلوس محمدی کا اہتمام کیاگیا۔یہ جلوس پورے شہر میں گھومتے ہوئے انجمن اسلامیہ میں آکر اختتام پذیر ہوا۔
ممبئی: پیغمبراسلام ؐ نے دنیا کو امن،بھائی چارہ اور مساوات کا جودرس دیا ہے اور قرآنی تعلیمات پر صحیح طورپر عمل کیا جائے تو ہم آج کے پُرآشوب دورمیں امن وضبط پیداکرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں،اسی طرح سوسال قبل خلافت تحریک نے ملک کی جنگ آزادی کے دوران ہندومسلم اتحاد کے لیے ایک مثال پیش کی ہے اور اس کی موجودہ دورمیں شدت سے ضرورت محسوس کی جارہی ہے ،کیونکہ ملک میں چند عناصر اتحاد،بھائی چارہ اورمساوات کو پارہ پارہ کرنے کے درپر ہیں،اس بات کا اظہار مہاراشٹر کے اہم ترین لیڈر اوراین سی پی کے صدر شردپوار نے اظہارکیا۔ممبئی میں واقع کُل ہند خلافت کمیٹی کے زیراہتمام عیدمیلاد النبی ؐ کے تاریخی جلوس سے قبل خلافت ہاؤس کے احاطہ میں منعقد کیے گئے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شردپوار نے مزیدکہاکہ ہمیں اپنے رشتوں کو زیادہ سے زیادہ استوار کرنے اور آپس میں متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ان عناصر کو شکست دی جاسکے ۔واضح رہے کہ ممبئی میں بھی جگہ جگہ جلوس محمدی نکالاگیا۔
حیدرآباد:دونوں ریاستوں تلنگانہ اور اے پی میں آج جشن میلاد النبیؐ مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منایاگیا۔ حیدرآباد کے مختلف علاقوں سے میلاد جلوس نکالے گئے۔ بعد نماز ظہر مکہ مسجد سے بڑا جلوس نکالاگیا۔حیدرآباد وسکندرآباد بالخصوص پرانے شہر کے مختلف علاقوں کو جھنڈیوں اور روشنیوں سے سجایاگیاہے۔ اس موقع پر پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں عوام کو کھانا کھلایاگیا۔
سری نگر : دنیا کے مختلف حصوں کی طرح جموں وکشمیر میں بھی بدھ کے روز پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی(ص) کی ولادت باسعادت کی مناسب سے منائے جانے والی عید میلادالنبی (ص) کی تقریب سعید نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔اس سلسلے میں ریاست کے درجنوں مقامات سے جلوس برآمد ہونے کے علاوہ سینکڑوں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں عید میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے پیغمبر اسلام (ص) کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close