بہارپٹنہ

پٹنہ میٹرو ریل کیلئے 17887کروڑ منظور

ریاستی کابینہ نے پلاسٹک کیری بیگ کے استعمال پر پابندی لگانے کاکیا فیصلہ،انٹر پاس کرنے والی غیر شادی شدہ لڑکیوں کو ملیںگے 10 ہزار،سائیکل خریدنے کیلئے اب 3ہزار

پٹنہ : ریاستی کابینہ نے منگل کو پٹنہ میٹرو ریل پروجیکٹ اور پلاسٹک کے استعمال پر پابندی سمیت 45 ایجنڈوں کو منظوری فراہم کی۔میٹنگ کے بعد محکمہ کے پرنسپل سکریٹری سنجے کمار نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں کابینہ نےنہ صرف محکمہ شہری ترقیات اور ہائوسنگ کی میٹرو ریل پروجیکٹ کو مرکز کو بھیجنےسے متعلق تجویز کومنظوری دی، بلکہ اس کیلئے 17887.56 کروڑ روپئے کی منظوری بھی فراہم کردی۔ اس کے علاوہ محکمہ ماحولیات اور آب و ہوا تبدیلی محکمہ کی اس تجویز کو بھی منظوری فراہم کردی جس کے تحت ریاست کے سبھی میونسپل کارپوریشن ،نگر پریشد اور نگر پنچایت کے حدود کے اندرہر سائز اور موٹائی کے پلاسٹک کیری بیگ کی تیاری ،درآمدگی ،اس کی خرید وفروخت اور اس کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ دکانداروں کو پلاسٹک کیری بیگ کے اسٹاک کو ختم کرنے کیلئے 60دنوں کی مہلت دی گئی ہے۔ پہلی بار پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پکڑے جانے کی صورت میں دکاندار پر 2ہزار روپئے جرمانہ عائد ہوگا۔ دوسری بار 3 ہزار روپئے اور تیسری بار 5 ہزار روپئے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ آخری صورت میں قید کا بھی نظم ہے۔ محکمہ کمرشیل ٹیکس کے تحت پٹرول اور ڈیزل کی ویٹ کی شرح میں تخفیف کی تجویز کوبھی منظوری دی گئی۔ پٹرول میں ویٹ کی شرح 26 فیصد سے گھٹا کر 22.20 فیصد اور ڈیزل میں 19 فیصد سے گھٹا کر 15 فیصد کی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم کے تحت وزیراعلیٰ کنیا اتھان یوجنا کے تحت انٹرمیڈیٹ حوصلہ افزائی منصوبہ کے تحت رواں مالی سال 2018-19 میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحان میں کامیاب ہونے والے ہر زمرے کی غیر شادی شدہ لڑکیوں کو فی کس 10 ہزار روپئے یکمشت ادا کرنے کیلئے 2 ارب 49 کروڑ85 لاکھ 60 ہزار روپئے جاری اور خرچ کرنے کی تجویز کو منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ ریاست کے سرکاری اور منظور شدہ یا اپ گریڈیڈ ااقلیتی اسکولوں ، مدرسوں اور سنسکرت اور غیر مالی انٹر اسکولوں میں نویں کلاس میں پڑھنے والے طلبا وطالبات کیلئے وزیراعلیٰ سائیکل منصوبہ کے تحت سائیکل کی خریداری کیلئے فی کس 2500 ملنے والی رقم کو رواں مالی سال سے 3000 کرنے کی تجویز کو بھی منظوری دی گئی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close