بہار

کارواں کا مشن اور مقصد ملک میں سول سوسائٹی بنانا ہے: نظرعالم

بہار کے مدھوبنی ضلع میں آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے ضلعی دفتر کا ہوا افتتاح

مدھوبنی:آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کا بہار کے مدھوبنی ضلع دفتر کا افتتاح وارڈ نمبر17 ، مقامی باٹا چوک پر کارواں کے قومی صدرنظرعالم، امان اللہ خان، نیازاحمد(ریاستی نائب صدر، انصاف منچ)، اشتیاق احمد(کونسلر) نے مشترکہ طور سے فیتہ کاٹ کرکیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کارواں کے قومی صدرنظرعالم نے سب سے پہلے مدھوبنی ضلع کے نومنتخب ضلع صدر مظفرکمال راشد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی بات ہے کہ انہوں نے کارواں کی ذمہ داری کو قبول کیا ہے۔ ہم اُمید کرتے ہیں کہ کمال کارواں کے مشن کو تیزی کے ساتھ آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور تعاون دیں گے۔مسٹرنظرعالم نے موجود افراد اور کاروں سے خطاب کرتے ہوئے صاف لفظوں میں کہا کہ کارواں کا مشن اور مقصد اس ملک میں سول سوسائٹی بنانا ہے اور یہ کام ہم اکیلے نہیں کرسکتے، سماج کے پڑھا لکھا طبقہ کو جوڑنا ہماری اولین ترجیح میں شامل ہے۔ انہوں نے آگے کہا کہ ہم آپ تمام حضرات کو یہ بھی بتانا چاہیں گے کہ آل انڈیا مسلم بیداری کارواں جیسا کہ نام سے لگتا ہے محض مسلمانوں کے لئے نہیں ہے اس کا دروازہ ہرشخص کے لئے کھلا ہوا ہے۔ یہ بات خوب ذہن میں رکھنی ہوگی کہ یہاں نفرت نہیں چلتی۔ کارواں کا مدھوبنی ضلع دفتر کا آج افتتاح ہوا ہے۔ بہت سے لوگ کارواں سے جڑ کر خوشی محسوس کررہے ہیں مگر یاد رہے آپ نے ایک ایسی راہ کا انتخاب کیا ہے جو کانٹوں سے بھری ہوئی ہے۔ آپ کو اسی سماج میں رہ کر سماج کی بھلائی کے لئے کام کرنا ہے۔ آپ کو ظلم کے خلاف صف بند ہوکر کھڑا ہونا ہے۔ غریب و نادار، کمزور و بے بس لوگوں کی ہرممکن مدد کرنی ہے۔ اپنے حلقہ کی خامیوں کی نشاندہی کر اُسے دور کرنے کی کامیاب کوشش کرنی ہے۔ اس کے لئے اخلاص، سچائی، ایمانداری، قربانی کا جذبہ، یقین کی طاقت کی بیحد ضرورت پڑے گی۔ مسٹرعالم نے کہا کہ زمانہ آسانی کے ساتھ کسی کو تسلیم نہیں کرتا ہے مگر جب آپ سماجی کی بہتری کے لئے لگاتار کام کریں گے تو یہی سماج جنہیں آپ کو تسلیم کرنے میں دشواریاں ہورہی تھی اپنے سرآنکھوں پر بٹھائے گی۔ وہیں انجمن اتحادملت کے بانی محمدامان اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کارواں کئی سالوں سے معاشرے کی بہتری کے لئے کام کررہا ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے آگے کہا کہ کارواں کو میری جہاں بھی ضرورت ہوگی، کبھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ انصاف منچ کے ریاستی نائب صدر نیازاحمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر بڑی سیاسی پارٹیوں کے اعلیٰ لیڈران نے اقلیتوں اور دلتوں کو ٹھگنے کا کام کیا ہے۔ لیکن کارواں جس طرح سے معاشرے میں ہرطبقہ کی لڑائی سڑکوں پر لڑررہا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں ہمیشہ کارواں کے سبھی پروگراموں میں شریک ہوتا ہوں۔ کیوں کہ کارواں کے قومی صدر نظرعالم ظلم و استحصال کے خلاف لڑائی لڑتے ہیں اور مظلوموں کو حق دلانے کا کام کرتے ہیں۔ آج کے دور میں ایسے مخلص رہنما کی قوم کو بیحد ضرورت ہے۔ ہم مدھوبنی ضلع کی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ کارواں سے منسلک ہوں اور کارواں کے مشن کو مستحکم اور مضبوط بنائیں۔ سابق پرمکھ شمس الحق، فضل علی عرف ہیرا، مکھیا محمدبدرالہدیٰ بدر، پیکس صدر نوشاد عالم، روی سنگھ، پروفیسر جاوید، ادے جھا وغیرہم نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اس افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈاکٹر رضوان عرف لڈو، جمیل احمد، شکیل احمد، اُدھے جھا، طارق رضوی، معراج عرشی، منشی جمیل اختر، محمدامان اللہ، ہلال اختر، محمدافروز، وجئے کمار جھا، مطیع الرحمن موتی، سرورعلی فیضی، ظفرکامران، زاہد حسین، محمداشرف علی، طارق اقبال، محمدشاہنواز سمیت کثیرتعداد میں باوقار شخصیتوں نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت شاہ عمادالدین سرور اور نظامت کے فرائض موجودہ وارڈ کونسلر اشتیاق احمد نے کی۔ مہمانوں کا شکریہ نومنتخب مدھوبنی ضلع صدر مظفرکمال راشد نے ادا کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close