کھیل

یاسر شاہ کی تباہ کن گیند بازی،نیوزی لینڈ پست

دبئی :پاکستان کے مایہ ناز لیگ اسپینر یاسر شاہ نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 90 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 24 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کی۔
بارش کے باعث میچ کا آغاز تاخیر سے ہوا تاہم نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کی طرح ہی سست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جارہا تھا۔تاہم یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے جیت راول کو 50 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی۔لیگ اسپینر نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 61 کے مجموعی اسکور پر اپنے ایک ہی اوور میں ٹام لیتھم، روس ٹیلر اور ہینری نکولس کی اننگز کا خاتمہ کرکے میچ پاکستان کی گرفت میں کردیا۔یاسر شاہ نے گھومتی ہوئی گیندوں میں مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کو الجھائے رکھا اور پوری ٹیم کو 90 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔خیال رہے کہ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز حارث سہیل اور بابراعظم کی شاندار سنچریوں کی مدد سے 5 وکٹوں پر 418 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی تھی۔
دبئی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے جب کھیل کا آغاز کیا تو اسکور 4 وکٹوں 207 رنز تھا۔حارث سہیل اور بابراعظم نے ذمہ دارانہ مگر سسٹ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے مجموعے کو اطمینان سے آگے بڑھایا۔پاکستان نے دوسرے روز کھانے کے وقفے تک 274 رنز بنائے تھے اور کوئی وکٹ نہیں گری تھی تاہم اس سے قبل بابراعظم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔پہلی اننگز میں پاکستان کی پانچویں وکٹ چائے کے وقفے سے پہلے اس وقت گری جب مجموعی اسکور 360 رنز تھا۔
حارث سہیل نے 421 گیندوں کا سامنا کیا اور 13 چوکوں کی مدد سے 147 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آوٹ ہوئے جو دوسرے روز گرنے والی پاکستانی کی واحد وکٹ تھی۔بابراعظم کا ساتھ دینے کے لیے کپتان سرفراز احمد میدان میں اترے اور قدرے جارحانہ انداز اپنایا اور دونوں بلے بازوں نے مجموعی اسکور کو 5 وکٹوں پر 418 رنز تک پہنچایا اور اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close