اتر پردیشسیاستہندوستان

یوگی اور مودی سرکار میں عام آدمی محفوظ نہیں : طارق انور

نئی دہلی: گورکھپور میڈیکل کالج میں بچوں کی موت کے بعد سرخیوں میںآئے ڈاکٹر کفیل نے آج یہاں کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر طارق انور سے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر یوتھ کانگریس کے رہنما بلال احمد بھی ان کے ساتھ تھے۔ڈاکٹر کفیل نے طارق انور کو ان کے ساتھ ہوئے واقعہ کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ انہیں پہلے دن جس طرح سے ایک فرشتہ بنایا گیا یہ چیز یوگی حکومت کو پسند نہیں آئی اور آناً فاناً میں انہیں ایک کریمنل بنا کر جیل میں ڈال دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایک ڈاکٹر کے طور پر انہوں نے بچوں کو بچانے کی پوری کوشش کی اورآکسیجن کے انتظا م میں پوری جان لگا دی ۔ ادھر ُادھر اپنے دوستوں سے رابطہ کیا تاکہ بچوں کی جان بچائی جاسکے ، لیکن آکسیجن کی کمی کیلئے چونکہ پوری طرح حکومت ذمہ دار تھی اس لئے اس نے خود کو بچانے کیلئے ان کو ایک کرمنل بناکر پیش کیا اور جیل میں ڈال دیا۔انہوں نے بتایاکہ انہوں نے اس سے متعلق تمام ثبوت عدالت میں دیئے ہیں۔ڈاکٹر کفیل نے بتایا کہ ان کا مقصد غریبوں اور عام آدمیوں کے مفادات کی حفاظت کرنا اور بچوں کو بہترطبی خدمات فراہم کرانا ہے ، لیکن جس طرح سے ان کی اہلیہ کی کلینک پر تالا جڑ دیا گیا اور ان کو ہراساں کرنے کے لئے پوری طرح سے ان کی گھیرا بندی کی گئی وہ انتہائی تکلیف دہ ہے، لیکن انصاف کی جنگ میں، وہ آگے بڑھ رہے ہیں کیونکہ انہیں لوگوں کا پیار مسلسل مل رہا ہے ۔ڈاکٹر کفیل نے بتایا کہ جب ان کے بھائی کو گور کھ ناتھ مندر کے پاس گولی ماری گئی اس وقت کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے ان کو خط بھیج کر ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیاتھا۔
ڈاکٹر کفیل کی باتوں کو سننے کے بعد طارق انور نے کہا کہ کانگریس پارٹی مکمل طور پر ایسے تمام لوگوں کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے جن ہراساں کیا جا رہا یا گزشتہ 4 سالوں میں جن کو ان کے اچھے کاموں کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی واضح کر چکے ہیں کہ وہ آخری قطار میں کھڑے اس شخص کے ساتھ ہیں جس تک حکومت نہیں پہنچ پا رہی ہے، اور کانگریس مظلوموں کے مفادات کی حفاظت کرنے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ طارق انور نے کہا کہ پہلے بھی انہوں نے ڈاکٹر کفیل کے لئے بیان دیا تھا اور آگے جب بھی ضرورت پڑے گی تو وہ ان کے ایسے تمام کاموں کو تقویت دینے کے لئے تیار ہیں جو عام لوگوں کے مفادات کوسامنے رکھ کر تیار کئے گئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور یوگی حکومت میں عام لوگوں کوپریشان کیا جارہا ہے اور عام آدمی محفوظ نہیں ہے جبکہ خاص لوگوں کی جیب بھری جارہی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close