بہارپٹنہہندوستان

یہ توگرو کی مہر بانی ہے کہ ہم لوگوں کو خدمت کاموقع ملا:وزیر اعلیٰ

پٹنہ:وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے آج350ویںپرکاش پرو کے موقع پر تخت شری ہر مندر پٹنہ صاحب جاکر عقیدت کا اظہار کیا ۔ تخت شری ہر مندر کمیٹی کے ذریعہ وزیراعلیٰ کا سروپا دیکر خیر مقدم کیاگیا ، تخت شری ہرمندر احاطہ بنائے گئے خصوصی دیوان ہال میں ملک اور بیرون ملک سے آئے عقیدت مندوں کو خطاب کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم لوگوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ دشمیش گروگروگووند سنگھ جی کا 352ویں پرکاش پرو میں شامل ہو نے کا موقع ملا دو سال قبل 350 واں پرکاش پرو بڑے دھوم دھام سے یہاں منا یا گیا تھا ۔ بہار کے ہر فرقہ کے لوگوں نے ملک و بیرون ملک کے عقیدت مندوں کا تہہ دل سے خیر مقدم کیا تھا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ گروگوبند سنگھ جی مہاراج کی جائے پیدائش ہے ، یہ ہم لوگوں کے لیے فخر کی بات ہے ۔ یہ وہیں پاٹلی پتر ہے جہاں سے ملک کا اقتدار چلایا جاتا تھا ، جوآج کی زمین سے بڑا ہوا کر تا تھا ۔ یہی پٹنہ صاحب حقیقی پاٹلی پترا تھا ۔ یہ تاریخی مقام ہے ۔ بہار علم کی سرزمین ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکھوں کے پہلے گرو نانک دیو بھی یہاں آئے تھے ۔لوگوں کی خواہش کے مطابق گرونانک دیوجی مہاراج نے اپنی طاقت سے راجگیر کے ایک کنڈ کا پانی ٹھنڈا کر دیا ۔یہ شیتل کنڈ کے نام سے مشہور ہے ۔ وہاں گرودوارہ کی تعمیر کرائی جارہی ہے ۔ یہ گرونانک دیو جی کے 550 ویں پرکاش اتسوت سے پہلے بن کر تیار ہو جائے گا جیسا کہ بابا مندر سنگھ جی نے کہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک اور بیرون ملک رہنے والے عقیدت مندبھی یہاں عقیدت کا اظہار کرسکیں گے ۔وزیر اعلیٰ نے پٹنہ کے گائے گھاٹ کی تاریخی اہمیت کو بھی بیان کر تے ہوئے کہا کہ گرونانک دیوجی یہاں آئے اور جیتامال ان کے شاگرد بنے ۔ جیتامال جی روزانہ گنگا میں غسل کر نے جانے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے اس وقت گنگا خود گائے کی شکل میں روزانہ غسل کرانے لگی ، جس کے سبب اس جگہ کانام گائے گھاٹ پڑا ۔اسی دوران بعد میں نوویں گرو تیگ بہادر جی گھوڑے پر سوار ہو کر آئے اور وہ اسی مقام پر بیٹھے ، جس مقام پر بیٹھے اس مقام پر گرونانک دیوجی بیٹھے تھے ۔ گروتیگ بہادر کا درشن پانے کے بعد جیتامال جی کو آزادی مل گئی ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 352ویں پر کاش پر پٹنہ صاحب کے بال لیلا اور کنگن گھاٹ پر تیاری کی گئی ہے ۔ وہاں پر ٹینٹ سیٹی کی تعمیر کرائی گئی ،انہوں نے کہا کہ ہر سال کے انعقاد کو دیکھتے ہوئے سکھ عقیدت مندوں کی مسلسل بہار آمد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ جس کے لیے بار بار ٹینٹ سیٹی بنا نا پڑتا ہے ۔اس لیے باقاعدہ اب کمیونٹی سینٹر کی تعمیر کرائی جائے گی۔اس کی تعمیر ہو جائے تو لوگ خصوصی انعقاد کے موقع پر اس کا استعمال کر سکیں گے ۔اور جب پر کاش پرو کا وقت آئے گا تو 25سے 30دن قبل گرودوارہ کے حوالے کر دیاجائے گا ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 350 ویں پرکاش پرو کی یادگار میں گرو کے باغ میں حکومت کی طرف سے پرکاش پنج کا قیام کیاجارہا ہے ۔ جہاں سکھ سماج کے ساتھ ساتھ دیگر سماج کے لوگ بھی گروگوبند سنگھ جی مہاراج سے متعلق باتوں کو جان سکیں گے ۔ 350ویں پرکاش پرو میں بڑی تعداد میں عقیدت مندر یہاں آئے تھے۔ پٹنہ صاحب گرودوارہ آنے والے عقیدت مند وں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ۔ سکھ مذہب میں قربانی(تیاگ)کی خاص اہمیت ہے ۔ سکھ مذہب کے گروتیگ بہاردر نے اپنے اہل خانہ تک کی قربانی دے دی تھی ۔آج دنیا میں ٹکرائو کے ماحول سے آزادی کے لیے ، انسانیت کو مضبوط کر نے کے لیے گروگوندسنگھ جی مہاراج کے افکار سے آگاہ ہو نا ہو گا ۔ نئی نسل کو قربانی کے پیغام کو صحیح طریقہ سے جاننا ہوگا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لوگ میری ستائش کر تے ہیں اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے ،یہ تو گروکی مہربانی ہے کہ ہم لوگوں کو خدمت کا موقع ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرض کا احساس کیا اور ایسے میں خدمت کر نا ہمارا فریضہ ہے ۔ بہار غریب ریاست ہے ،لیکن ہم لوگو دل کے اور خیال کے نقطہ نظر سے غریب نہیں ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ اسی طرح محبت اور بھائی چارہ کا ماحول قائم رہے ۔ بہار حکومت اور بہار کے لوگوں کی طرف سے یہاں آئے عقیدت مندوں کا میں خیر مقدم کر تا ہوں ۔وزیر اعلیٰ نے گر گوندپرکاش رسالہ اور کلینڈر کا بھی اجرا کیا ۔ اس موقع پر سڑک تعمیرات کے وزیر جناب نند کشوریادو ، سیاحت کے وزیر جناب پریم کمار ، بابا مہندر سنگھ ، سردار اوتار سنگھ ، سردار گرمیت سنگھ ، سردار اندر جیت سنگھ ، سردار مہندر سنگھ ڈھلن ، سردار مہندرسنگھ چھاوڑا ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری جناب چنچل کمار ، وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری جناب منیش کمار ورما، پٹنہ کے کمشنر جناب آر این چینگتھو ، وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری جناب انوپم کما ر ، وزیر اعلیٰ کے او ایس ڈی جناب گوپال سنگھ ، ڈی ایم جناب کمارروی ، ایس ایس پی محترمہ گریماملک سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں ۔
تخت سری ہرمندرمیں زیارت اور عقیدت کا اظہار کر نے کے بعد وزیر اعلیٰ نے بال لیلا گرودوارہ جاکر بھی ماتھا ٹیکا ، جہاں بابا کشمیر سنگھ پوری والا نے وزیر اعلیٰ کا خیر مقدم کیا ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close