پٹنہ

325عہدوں کےلئے 7.5لاکھ درخواستیں موصول

تقرری کے عمل میں اسمبلی سکریٹریٹ کا کوئی کردار نہیں: اسپیکر

پٹنہ:بہار اسمبلی میں مختلف زمروں کے325عہدوںپر ہونے والی تقرریوں کےلئے 7.5لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ سب سے زیادہ گروپ ڈی کےلئے 5لاکھ 7ہزار 687امیدواروں نے آن لائن درخواست دی ہے۔ بہار اسمبلی کی تاریخ میں تقرریوں میں شفافیت برتنے کےلئے پہلی مرتبہ کسی باہری ایجنسی سے عمل پورا کرایا جارہا ہے۔ اسمبلی پریس صلاح کار سمیتی کی میٹنگ میں جمعہ کو اسپیکر وجے کمار چودھری نے کہا کہ ٹھگی کی اطلاع دینےو الوں کو انعامات سے نوازا جائے گا۔
اسپیکر کو ایسی اطلاع ملی ہے کہ تقرری کرانے کے نام پر امیدواروں سے ٹھگی کی جارہی ہے۔ اسپیکر کے کچھ قریبی تو کچھ رشتہ دار بن کر امیدواروں سے پیسے اینٹھ رہے ہیں۔ مسٹر چودھری نے میڈیا سے گزارش کی کہ ٹھگی کرنے والوں کو پکڑنے میں مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ تقرری کے پورے عمل میں اسمبلی سکریٹریٹ کا کوئی کردار نہیں ہے۔ یہ کام ملک کی ایک معروف ایجنسی سے کرایا جارہا ہے جو لوک سبھا میں بھی آن لائن امتحان لے کر تقرری کے عمل کو پورا کرتی ہے۔ بہار اسمبلی نے اسی سال سروس دستورالعمل کو بدلا ہے۔ اس کے تحت ہی سارے تقرری کے عمل کئے جارہے ہیں۔ اسمبلی میں پہلے افسران کی براہ راست تقرری کا عمل نہیں ہوتا تھا ۔ اس کے سبب کلرک سطح کے ملازمین پرموشن پاکر افسر زمرہ میں آجاتے تھے۔ نئے دستورالعمل کے تحت اب سیکشن افسران کی تقرری بہار پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ کرائی جارہی ہے۔ اس مرتبہ 25سیکشن افسر اور 2پی آر او کی تقرری ریاستی پبلک سروس کمیشن پوری کر رہا ہے۔ اسپیکر نے دعویٰ کیا کہ بھرتیوں کو لے کر اس مرتبہ کسی بھی طرح کی دھاندلی کا الزام لگنے نہیں دیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close